آرمی چیف کا نجم سیٹھی کے نام خط،ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے کردار کی تعریف

منگل 8 مئی 2018 12:36

آرمی چیف کا نجم سیٹھی کے نام خط،ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔08مئی 2018ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین نجم سیٹھی کو ملک میں پاکستان سپر لیگ کے میچز اور ویسٹ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے انعقاد پر مبارک باد دی ہے ۔ نجم سیٹھی کے نام خط میں جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ” میں پاکستان سپر لیگ کے میچز اور ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے پاکستان میں کامیاب انعقاد پر دل کی گہرائیوں سے آپ اور آپ کی ٹیم کو مبارک باد دینا چاہتا ہوں ، ان تاریخی کامیابیوں کی بدولت نہ صر ف پاکستان میں کرکٹ بحالی کو فائدہ ہوگا بلکہ ملک میں سکیورٹی صورتحال کے بارے میں غلط خیالات کو ختم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا ،میں پاکستان میں کرکٹ میچز کے لیے سکیورٹی کے انتظامات پر آپ کے عمدہ خیالات پر شکریہ ادا کرناچاہتا ہوں،پاک فوج ملک کاپر امن اور آگے بڑھتا ہوا امیج دکھانے کے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہر اقدام کی مکمل حمایت کرتی ہے ،ہم ان ایونٹس کو کامیاب بنانے کے لیے آپ کی انتھک محنت اور حب الوطنی کی قدر کرتے ہیں “۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ نجم سیٹھی ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں اور انہی کی کوششوں سے پہلے گزشتہ سال پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کھیلا گیا اور پھر گزشتہ سال ستمبر میں پہلے ورلڈ الیون کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا اور بعد ازاں سری لنکن ٹیم ایک ٹی ٹونٹی کھیلنے کے لیے لاہور آئی ، پی سی بی کی کوششوں سے ہی رواں سال پاکستان سپر لیگ کا ایک پلے آف اور ایک ایلیمنیٹر میچ لاہور میں کھیلا گیا جبکہ فائنل کراچی میں ہوا ،اپریل کے شروع میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا جہاں اس نے گرین شرٹس کیخلاف تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلی ۔