ملک بھر میں ریڈکراس (ہلال احمر) کا عالمی دن منایا گیا

منگل مئی 12:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2018ء) دنیا بھر کے دیگر ممالک کی طرح ملک بھر میں ریڈکراس(ہلال احمر) کا عالمی دن منگل کو بھر پور طریقے سے منایا گیا۔ اس موقع پر ہلال احمر اور دیگر سرکاری و غیر سرکاری اداروں،انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والی این جی اوز و طبی تنظیموں کے اشتراک سے خصوصی واکس، سیمینارز، کانفرنسز، ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا جس میں زمانہ امن،حالت جنگ، قدرتی آفات، ناگہانی سانحات اور بڑے حادثات کی صورت میں ہلال احمر کے کردار، اس کی ضرورت، اہمیت ، افادیت، اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 1967ء سے اقوام متحدہ کے زیر اہتمام اس کے تمام ممبر ممالک سمیت پاکستان میں بھی ہر سال 8 مئی کو ورلڈ ریڈکراس ڈے بھر پور طریقے سے منایا جاتا ہے تاکہ عوام کو ہلال احمر کے بارے میں آگاہی حاصل ہوسکے۔ یاد رہے کہ ریڈ کراس کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ کے ممبر ممالک ریڈ کراس کے بانی ہینری ڈوننٹ کی سالگرہ بھی مناتے ہیں۔ اس سال ریڈ کراس کے عالمی دن کا موضوع ’’انسانیت کیلئے اکٹھے ہونا‘‘ (ٹوگیدر فار ہیومینٹی ) تھا۔ ریڈ کراس کے ذرائع کے مطابق دنیا بھر کے 170ممالک میں اس کے رضا کار ممبران کی تعداد 99ملین سے بھی زائد ہے جس میں ہر سال لاکھوں کا مزید اضافہ بھی ہو رہا ہے۔