مقبوضہ کشمیرمیں نہتے نوجوانوں کے قتل کے خلاف ہڑتال مسلسل تیسرے دن بھی جاری

بھارتی فوجیوں نے احتجاجی مظاہرے کرنے سے روکنے کیلئے سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوںمیں مسلسل پابندیاں نافذ کر رکھی ہیں

منگل 8 مئی 2018 13:19

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں سرینگراور شوپیاں میں کشمیری نوجوانون کے قتل کے خلاف آج مسلسل تیسرے دن بھی مکمل ہڑتال جاری ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی کارروائی میں ہفتہ کے روز سرینگر میں چاراور اتوار کوشوپیاں میں دس نوجوانوںکو شہید کردیا تھا ۔

ہڑتال کی کال سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیاد ت نے دی ہے ۔ تمام دکانیں اور تجارتی مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل ہے ۔ ادھر کٹھ پتلی انتظامیہ نے لوگوں کو بھارتی فوجیوں کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرنے سے روکنے کیلئے سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوںمیں مسلسل پابندیاں نافذ کر رکھی ہیں ۔

(جاری ہے)

یونیورسٹیاں،کالجز اور سکولوں سمیت تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ آج ہونیوالے تمام امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ وادی کشمیر میں مسلسل تیسرے دن آج موبائیل فون سروس معطل ہے اور جنوبی کشمیر کے قصبے بارہمولہ اور جموں کے قصبے بانیہال کے درمیان ٹرین سروس بھی معطل ہے ۔ دریںاثناء قابض انتظامیہ نے حریت رہنمائوں سیدعلی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق ، محمد اشرف صحرائی اور محمد یاسین ملک کو گھروں یاتھانوں میںمسلسل نظربند رکھا۔ ضلع بارہمولہ کے مختلف علاقوں میںبھارتی فوج اور پولیس کے مشترکہ چھاپوں کے دوران بارہ کے قریب نوجوانوںکو گرفتار کرلیاگیاہے۔