والدہ کی اونچی ایڑھی والی جوتی بچے کے لیے جان لیوا ثابت

سیڑھیاں اُترتے ہوئے خاتون کا توازن بگڑا تو بچہ ہاتھ سے گر گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل مئی 13:31

والدہ کی اونچی ایڑھی والی جوتی بچے کے لیے جان لیوا ثابت
ممبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 مئی 2018ء) : بھارت میں ایک خاتون کا اُونچی ایڑھی پہننا 6 ماہ کے بچے کی موت کا موجب بن گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ایک علاقہ میں خاتون نے اُونچی ایڑھی والا جوتا پہن رکھا تھا توازن بگڑنے پر 6 ماہ کا بچہ خاتون کے ہاتھ سے گرا اور دم توڑ گیا ۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مقامی شادی میں شرکت کے لیے سنگھار کر کے آنے والی خاتون اپنے لخت جگر کو اپنے کپڑوں اور جوتوں سے زیادہ بہتر طور پر نہ سنبھال سکی۔

مہاتما پھولے پولیس اسٹیشن کا کہنا تھا کہ محمد شیخ نامی بچے کے گھر والے کلیان کے علاقے رام بوگ کے ایک شادی ہال میں شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے ہوئے تھے جہاں یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ 6 ماہ کے بچے محمد شیخ کی والدہ فہمیدہ شیخ نے اُونچی ایڑھی والی سینڈل پہنی ہوئی تھی اور گود میں اپنا بچہ اُٹھا رکھا تھا ، سیڑھیاں اُترتے ہوئے فہمیدہ لڑکھڑائی اوراس کا توازن بگڑ گیا ۔

(جاری ہے)

توازن بگڑنے پر فہمیدہ خود کو سنبھال نہیں سکی اور 6 ماہ کا بچہ والدہ کے ہاتھوں سے پھسل کر سیڑھیوں پر جا گرا۔ سیڑھیوں پر گرنے کی وجہ سے بچے کی ریڑھ کی ہڈی پر شدید چوٹ آئی، بچے کو شدید زخمی حالت میں طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ مہاتما پھولے پولیس اسٹیشن کے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر نے بتایا کہ ہمیں جیسے ہی واقعے کی اطلاع موصول ہوئی، ہم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور بچے کو رکھمنی اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی مرچکا ہے۔۔پولیس کے مطابق واقعے کی تفصیل بچے کی والدہ اور دیگر رشتے داروں نے بتائی جس کے بعد حادثاتی موت کی رپورٹ درج کی گئی اور بچے کی لاش کو والدین کے حوالے کر دیا گیا۔