Live Updates

جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کا تحریکِ انصاف میں شامل ہونے کا اعلان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 8 مئی 2018 13:34

جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کا تحریکِ انصاف میں شامل ہونے کا اعلان
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔08 مئی۔2018ء) جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے سرکردہ ارکان نے پاکستان تحریکِ انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کردیا ہے، محاذ کے راہنماﺅں کی تحریک انصاف کے راہنماءجہانگیر ترین سے ملاقات جاری ہے جبکہ کل وہ پارٹی چیئرمین عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابط اعلان کریں گے- پاکستان تحریک ِ انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے اراکین تحریکِ انصاف میں شمولیت کے لیے تیار ہیں ، 15 مرکزی ارکان سمیت کل 20 افراد شمولیت اختیار کریں گے۔

فواد چودھری کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے درمیان مذاکرات اختتام پذیر ہوچکے ہیں، کل خسر و بختیار اپنے ساتھیوں کے ساتھ تحریک ِ انصاف کے سربراہ عمران خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کریں گے۔

(جاری ہے)

یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے اراکین کی تحریک انصاف کے راہنما جہانگیر ترین سے ملاقات جاری ہے ، جس کے لیے اراکین ملتان سے اسلام آباد پہنچے ہیں۔

یاد رہے کہ 10اپریل کو کو ایک پریس کانفرنس میں مسلم لیگ نون سے تعلق رکھنے والے 6قومی اوردو رکنِ صوبائی اسمبلی نے پارٹی اور اسمبلی رکنیت مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے جنوبی پنجاب محاذ بنانے کا اعلان کیا تھا -ان اراکین پارلیمان میں خسرو بختیار،عالم داد لالیکا، طاہر اقبال چوہدری، طاہر بشیر چیمہ، رانا قاسم نون، باسط سلطان بخاری اور سمیرا سمیع شامل تھیں، جبکہ آزاد رکن نصراللہ دریشک نے بھی مستعفی ہو کر محاذمیں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

سابق نگراں وزیراعظم بلخ شیرمزاری محاذ کا چیئرمین، خسرو بختیار صدر جبکہ طاہر بشیر کوجنرل سیکرٹری مقررکرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔جنوبی پنجاب محاذکے راہنماﺅں نے موقف اختیار کیا تھا کہ جنوبی پنجاب اور لاہورکے درمیان فرق سے لوگوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے‘ان کا کہنا تھا کہ نئی ڈویژن اور اضلاع بن سکتے ہیں تو انتظامی بنیادوں پر نیا صوبہ کیوں نہیں ؟انہوں نے یہ اعلان بھی کیا تھا کہ ہمارے موقف کی حمایت کر نیوالی ہر اس جماعت سے بات چیت ہوسکتی ہے جو عام انتخابات کے بعد قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کی قرادداد منظور کروائے گی-
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات