قومی اسمبلی نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس کو مزید 120 دنوں کے لئے توسیع دینے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی

منگل مئی 14:03

قومی اسمبلی نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس کو مزید 120 دنوں کے لئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2018ء) قومی اسمبلی نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس کو مزید 120 دنوں کے لئے توسیع دینے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی‘ قرارداد کے حق میں 48 جبکہ مخالفت میں 34 ووٹ پڑے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے قرارداد پیش کی کہ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس کو 10 مئی 2018ء سے مزید 120 دنوں کے لئے توسیع دی جائے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شیریں مزاری نے اس کی مخالفت کی اور کہا کہ اس پر حکومت کو بل کی صورت میں لانا چاہیے تھا۔ وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ بعض وجوہات کی بناء پر یہ بل کی صورت میں نہیں لایا جاسکا۔ ارکان سے گزارش ہے کہ اس قرارداد کی منظوری دے دیں۔ اپوزیشن کے اصرار پر ڈپٹی سپیکر نے قرارداد پر رائے شماری کے لئے ارکان کو باری باری کھڑا کرکے رائے لی ۔ قرارداد کے حق میں 48 جبکہ مخالفت میں 34 ارکان نے رائے کا اظہار کیا۔ قومی اسمبلی نے قرارداد کی کثرت رائے سے منظوری دے دی۔