Live Updates

پیپلز پارٹی سندھ میں ختم ہوتی اپنی مقبولیت کیوجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے ‘ جمشید اقبال چیمہ

نواز شریف کودوبارہ اقتدار میں آکر صرف کرپشن بچانے ،نا اہلی ختم کرانے کیلئے قوانین میں تبدیلی کی فکر ہے ‘سینئر نائب صدر

منگل 8 مئی 2018 14:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) تحریک انصاف پنجاب کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ میں ختم ہوتی اپنی مقبولیت کی وجہ سے شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور پی ٹی آئی کے کیمپ پر حملہ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ، نواز شریف کودوبارہ اقتدار میں آکر صرف اپنی کرپشن بچانے اوراپنی نا اہلی ختم کرانے کیلئے قوانین میں تبدیلی کی فکر ہے جبکہ انہیں ملک اور غریب کی حالت زار میں بہتری سے کوئی سروکار نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 136کی یونین کونسل 271جیا بگا میں حسن ڈھلوں کی جانب سے منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اہل علاقہ اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس نے کئی دہائیوں سے عوام کا استحصال کرنے والی پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کو چیلنج دیا ہے ۔

(جاری ہے)

(ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان آئندہ عام انتخابات کیلئے بھی پس پردہ مک مکا جاری ہے لیکن ان کے گٹھ جوڑ کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ شریفوں اور زرداریوں کی بادشاہت کا وقت ختم ہو چکا ہے اور آئندہ عام انتخابات میں عوام ان سے لوٹی ہوئی پائی پائی کا حساب لیں گے۔ انہوںنے کہا کہ لاہور جیسے شہر میں بھی صحت کی سہولیات نا پید ہیں اور ایک بیڈ پر چار چار مریض پڑے ہوئے ہیں ۔

حکمران پہلے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بناتے پھر چاہیے ہر گلی میں سے اورنج لائن ٹرین گزار دیتے ۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں صحت اور تعلیم نام کی کوئی چیز نہیں، انشا اللہ پی ٹی آئی اقتدار میں آکر عوام کو صحت اور تعلیم کی سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی اور ان علاقوں کو بھی ترقی کے دھارے میں شامل کریں گے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات