دوڑ پل کی از سر نو تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے، 7 یونین کونسلوں کی عوام کو سخت مشکلات کا سامنا

منگل 8 مئی 2018 14:21

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) دوڑ پل کی از سر نو تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے، پل زمین بوس ہونے سے دوڑ پار سات یونین کونسلوں کی عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، متبادل راستہ سے جہاں مسافت لمبی ہو گئی وہاں دشوار گذار ہونے سے مسافروں کو سخت گردو غبار بھی برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

شہریوں نے اس حوالہ سے بتایا کہ دوڑ پل گرنے سے دو قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، دوڑ پار کی 7 یونین کونسلوں اور قریبی آبادیوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے، متبادل راستہ دوڑ سے گذرنے کی وجہ سے سخت گردو غبار ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کا مقدر بن چکا ہے۔

دوڑ پل پر ایک منٹ کا سفر متبادل رستہ سے کئی منٹوں میں بدل چکا ہے اور کسی بھی حادثاتی صورتحال میں وہاں سے مریض کا گذرنا اس کی موت کا باعث بن سکتا ہے۔ مختلف سیاسی و سماجی حلقوں نے صوبائی مشیر مواصلات اکبر ایوب خان اور یوسف ایوب خان سے بھر پور مطالبہ کیا ہے کہ اپنے دور حکومت کے ختم ہونے سے قبل حادثاتی طور پر گرنے والے پل کیلئے حادثاتی فنڈز مہیا کر کے پل کی تعمیر کا کام شروع کروایا جائے تاکہ عوامی مشکلات میں کمی آ سکے۔