غیر جانبدارانہ اور ذمہ دارانہ صحافت ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے، ڈاکٹر عبدالمہیمن

منگل 8 مئی 2018 14:21

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) غیر جانبدارانہ اور ذمہ دارانہ صحافت ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سے وابستہ صحافی اپنے خطہ کے مسائل اجاگر کرنے اور امن کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، ہمارا مذہب بھی مساوات، امن اور حق گوئی کا درس دیتا ہے اور بغیر تحقیق باتوں کو پھیلانے سے منع کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین سپیکم سوسائٹی یونیورسٹی آف ہری پور ڈاکٹر عبدالمہیمن نے جامعہ میں سپیکم کے زیر اہتمام منعقدہ میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر پریس کلب ذاکر حسین تنولی، ملک فیصل اقبال اور قاسم قیم نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ ممبران ہری پور پریس کلب کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

ورکشاپ کے دوران ڈاکٹر عبدالمہیمن نے میڈیا ورکرز کی ذمہ داری اور معاشرے کی بہتری کیلئے ان کے کردار پر قرآن و حدیث کی روشنی میں مفصل بریفنگ دی، میڈیا سے وابستہ افراد معاشرے کی حقیقی معنوں میں عکاسی کر رہے ہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ میڈیا سے وابستہ افراد غیر جانبدارانہ اور معاشرے کی بہتری، امن اور رواداری کے فروغ کیلئے کام کریں، ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہمیں مل کر کردار ادا کرنا ہو گا۔

سپیکم رواداری، مساوات اور شعور اجاگر کرنے کیلئے رضاکاروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے اور مختلف سکولوں، کالجوں اور مدرسوں میں جا کر طلبا ء و طالبات کی استعداد کار بڑھانے کیلئے کام کر رہی ہے، اس کے علاوہ پولیس، محکمہ مال اور محکمہ تعلیم کے افسران کے ساتھ مل کر ٹریننگ کا انعقاد کرتی ہے، سپیکم کا بنیادی مقصد معاشرے کی بہتری کیلئے اپنے حصہ کا کردار ادا کرنا ہے۔ اس موقع پر صدر پریس کلب ذاکر حسین تنولی نے ڈاکٹر عبد المہیمن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کی ورکشاپس سے میڈیا پرسن کو سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ ورکشاپ کے اختتام پر صحافی برادری میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔