امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کو تحفظ فراہم کرنے والا سیکیورٹی افسر گرفتار

منگل 8 مئی 2018 14:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) اسلام آباد میں گزشتہ ماہ امریکی سفارتی اہلکار کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان کی ہلاکت کے واقعہ میں ملٹری اتاشی کرنل جوزف کو تحفظ فراہم کرنے والے سیکیورٹی افسر کو گرفتار کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق امریکی سفارتخانے کے سیکیورٹی افسر تیمور کو انکوائری کے بعد اے آئی جی آپریشن عصمت اللہ جونیجو کے حکم پر حراست میں لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کو موقع سے بھگانے والے دیگر سیکیورٹی عملے کی بھی گرفتاری کا حکم دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 7 اپریل کی سہ پہر 3 بجے امریکی ملٹری اتاشی نے اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو کے قریب سگنل توڑ کر موٹرسائیکل سوار دو افراد کو کچل دیا تھا۔حادثے میں عتیق بیگ نامی نوجوان موقع پر جاں بحق اور اس کا کزن شدید زخمی ہوگیا تھا جبکہ پولیس نے سفارتی استثنیٰ کے باعث کرنل جوزف کو جانے کی اجازت دی تھی۔پولیس نے کار سرکار میں مداخلت کرنے پر سیکیورٹی افسر تیمور اقبال کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں ایس ایچ او کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا۔ایف آئی آر میں سیکیورٹی افسر پر حملہ اور کار سرکار میں مداخلت کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔