انٹر ریجنل انڈر23 کھیلوں کے مقابلوں میں پشاورکی کامیابی باعث خوشی ہے،جمشید بلوچ

منگل 8 مئی 2018 14:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جمشید خان بلوچ نے صوبائی دارالحکومت پشاوراور چارسدہ سمیت مختلف مقامات پر کھیلی جانے والی انٹر ریجنل انڈر23گیمز کے سلسلے میں مرد وخواتین کھیلوں کے مقابلوں میں پشاورریجن کی شاندار کامیابی پر کھلاڑیوں کو دلی مبارکباد دی ہے۔ انھوں نے کہاکہ اس کامیابی کھلاڑیوں کی محنت سمیت آرگنائزر اورڈی ایس اوزسٹاف کی ٹیم ورک کانتیجہ ہے۔

انہوںنے کھلاڑیوں کے اعزازمیں ایک پروقارتقریب منعقدکرنے کا اعلان کیا۔صوبائی سپورٹس ڈائریکٹر یٹ کے بینر تلے گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی صوبے بھرمیں ڈویژن ،انٹر ڈسٹرکٹ مقابلوں کے بعد پشاورمیں انٹر ڈویژنل گیمز کاکامیاب انعقاد کیا گیا۔یہ گیمزصوبائی وزیر کھیل محمود خان، سیکرٹری سپورٹس محمد طارق خان اورڈی جی سپورٹس جنیدخان کی ذاتی کوششوں سے منعقد ہوئے ۔

(جاری ہے)

ان گیمزمیں پشاور ،سوات،بنوں،ہزارہ ،ڈی آئی خان ،مردان اور کوہاٹ ڈویژنز کے مختلف اضلاع سے کے کھلاڑیوں نے بھر پورجوش وجذبے سے حصہ لیا، ان کھلاڑیوں کوشوزاور کٹس سمیت کھیلوں کا جدیدسامان فراہم کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ انٹر ڈویژنل انڈر23گیمز کی مناسبت سے عبدالولی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ،قیوم سٹیڈیم ،حیات آباد سپورٹس ،پشاور یونیورسٹی اور بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ میں کھیلے جانیوالے مرد وخواتین کھیلوں کے ہاکی،ہینڈ بال،سکواش،ٹیبل ٹینس،بیس بال سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے جیتنے پر پشاور ریجن کے کھلاڑیوں مبارکباد دی اور کہاکہ ان کامیابی میں کھلاڑیوں کی بھر پور محنت، آرگنائزرز اور ڈی ایس اوزکے سٹاف کی محنت کا ایک ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ۔

جمشید بلوچ نے کہاکہ پشاور میں کھیلوں کی ترقی کیلئے صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کیساتھ ساتھ ضلع ناظم ارباب عاصم خان ، ڈپٹی کمشنر پشاور اور ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی نے بھی کلیدی رول اداکیا ہے اور تقریباًہر ہفتے پشاور کی مختلف یونین کونسلز میں کرکٹ،بیس بال،ہاکی،فٹ بال،آرچری،تھروبال،ہینڈ بال،باسکٹ بال،بیڈمنٹن،ٹیبل ٹینس،سکواش،والی بال سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے تواترکیساتھ منعقد کئے جاتے ہیں جس کے باعث نوجوانوں میں نہ صرف کھیلوں کا جذبہ پیداہوگیاہے بلکہ ہر یونین کونسل کولاکھوں روپے مالیت کا جدیدسپورٹس کا سامان بھی مہیاکیا گیاہے۔

انہوںنے اس عزم کااظہار کیاکہ انشاء اللہ پشاور سمیت خیبر پختو نخوا میں کھیلوں کی سرگرمیوں کواسی طرح جاری رکھیںگے جس سے یقیناًنوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے بچاکر تعلیم اور کھیلوں جیسی مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرکے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک وقوم کا نام روشن کرسکیںگے ۔جمشید خان بلوچ نے انڈر23گیمزمیں پشاور کی زبردست کامیابی پر پشاور کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ان کے اعزازمیں ایک پروقارتقریب کے انعقاد کا اعلا ن کیا ۔