شعبہ ابلاغیات یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام فائنل سمسٹر طلبہ کے پراجیکٹس کی نمائش کا اہتمام کیا گیا

منگل 8 مئی 2018 14:50

سرگودھا۔08مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) شعبہ ابلاغیات یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام فائنل سمسٹر طلبہ کے پراجیکٹس کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ نمائش میں طلبا ء و طالبات نے پرنٹ جرنلزم ،ٹیلی ویژن پروڈکشن، ایڈورٹائزنگ، تعلقات عامہ کے علاوہ مختلف معاشرتی مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے پراجیکٹس پیش کئے۔ نمائش کا افتتاح ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈلا ء ڈاکٹر نواز محسود نے کیا جبکہ ممبر قومی اسمبلی شفقت حیات بلوچ، ممبر صوبائی اسمبلی عبدالرزاق ڈھلوں، وائس چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سید مظہر حسین شاہ، سوشل ورکر قیصرہ اسماعیل، صدر سرگودھا بار ایسوسی ایشن انصر عباس بلوچ،انچارج شعبہ ابلاغیات نعمان یاسر، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر مدثر شاہ،اسسٹنٹ پروفیسر عبدالرحمان قیصر،فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات نے شرکت کرتے ہوئے نمائش میں دلچسپی کا اظہار کیا اور طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ نے معیاری پراجیکٹس ذریعے اپنے ٹیلنٹ کا لوہا منوایا۔

(جاری ہے)

نمائش میں ووڈن ہینڈی کرافٹ، وادی سون سکیسر کے خوبصورت مقامات اورمارکیٹ میں آنے والی نئی مصنوعات کی تشہیر کے لیے مختلف آئیڈیاز کو عملی صورت میں پیش کیا۔ پرنٹ میڈیا میں سپیشلائزیشن کرنے والے طلبہ نے قارئین کے لیے یونیورسٹی میں جاری تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں اور انسانی دلچسپی کے دیگر متفرق موضوعات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کردہ میگزین کے سٹالز لگائے۔

طلبہ نے مختلف محکمہ جات بشمول پی ایچ اے، پاکستان ریلوے اورپبلک ریلیشنز اینڈ پبلیکیشنز کے کارہائے نمایاں پر روشنی ڈالنے کے لیے پراجیکٹس پیش کیے جبکہ بعض پراجیکٹس میں معاشرتی مسائل بشمول انسداد منشیات،کمسن بچوں کے ساتھ زیادتی، صحت و صفائی جیسے موضوعات پرپراجیکٹس پیش کیے، مجموعی طورپر نمائش میں44سٹالز لگائے گئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرنواز محسود نے کہا کہ شعبہ ابلاغیات کے طلبہ میڈیا کی فیلڈ میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے بل بوتے پر آگے بڑھ کر ترقی کر سکتے ہیں۔

ہمیں اس بات پر خوشی ہے کہ طلباء و طالبات نے بہترین انداز میں پراجیکٹس کو نمائش کے لیے پیش کیا ، کامیاب نمائش کے انعقاد پر انہوں نے طلبہ اور فیکلٹی ممبران کو مبارکباد دی۔ انچارج شعبہ ابلاغیات نعمان یاسر قریشی نے کہا کہ طلبہ تخلیقی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں جس کا اندازہ نمائش میں پیش کیے گئے پراجیکٹس سے لگایا جا سکتا ہے۔طلبہ نے کڑی محنت، منصوبہ بندی اور نئے آئیڈیاز کے ساتھ مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق اپنے پراجیکٹس تیار کیے جو تشہیر کے لیے کارآمد ہیں۔