نوجوان سماجی اور معاشی تبدیلیوں میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، ڈاکٹر میاں غلام یٰسین

منگل مئی 14:50

سرگودھا۔08مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2018ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے ڈین فیکلٹی آف سوشل اینڈ بیہوریل سائنسز ڈاکٹر میاں غلام یٰسین نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی قوم کا انتہائی قیمتی اور اہم اثاثہ ہوتے ہیں جو مستقبل میں خطے میںہونے والی سماجی اور معاشی تبدیلیوں میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے شعبہ سوشیالوجی یونیورسٹی آف سرگودھا اور انسان فائونڈیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقدہ ایک روزہ سیمینار بعنوان ’’پاکستان میں امن اورجمہوریت کے فروغ میں طلباء کا کردار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میںجمہوریت کا پودا پروان چڑھ رہا ہے اور امن کی صورتِ حال پہلے کی نسبت بہت بہتر صورت اختیار کر گئی ہے اور مستقبل میں مزید بہتر ہوتی چلی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نوجوانوں کو مستقبل کی امید قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کا طالب علم علمی اور تعلیمی میدان میں جدید علوم سے بہرور ہو رہا ہے ۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر شعبہ اردو یونیورسٹی آف سرگودھا ڈاکٹر سید عامر سہیل نے کہا کہ آج ہم گلوبل ورلڈ میں سانس لے رہے ہیں اور ہمارے طالب علموں کو آج کے تقاضوں کے مطابق اپنے اہداف مقرر کرنے چاہئے۔

انہوں نے پاکستان کی سیاسی تاریخ کے حوالے سے جمہوریت کے مستقبل اور امن کی صورتِ حال کو تابناک قرار دیا۔ آخر میں میزبان شہزاد خاور ،مشتاق گل شعبہ عمرانیات میں تمام مندوبین اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔