Live Updates

جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کا تحریک انصاف میں ضم ہونے کا فیصلہ ،باقاعدہ اعلان (آج )متوقع

عمران خان (آج) جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے رہنمائوں سے ملاقات کرینگے ، دیگر تفصیلات جاری کی جائینگی ‘ فواد چوہدری کی تصدیق آج ایک تاریخی دن ہے جس میں جنوبی پنجاب کے نئے روشن مستقبل کا اعلان ہوگا، ہم ملکر الیکشن لڑیں گے جو (ن) لیگ کو بڑا جھٹکا ہے‘جہانگیر ترین

منگل 8 مئی 2018 15:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) سے اپنی راہیں جدا کرنے والے اور آزاد اراکین اسمبلی پر مشتمل جنوبی پنجاب صوبہ محاذ نے تحریک انصاف میں ضم ہونے کا فیصلہ کرلیا جس کا باقاعدہ اعلان (آج) بدھ کے روز متوقع ہے ۔بتایا گیا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ اور تحریک انصاف کے درمیان گزشتہ کئی روز سے مذاکرات کا سلسلہ جاری تھا اور اس سلسلے میں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں کمیٹی مذاکرات کررہی تھی۔

تحریک انصاف اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے رہنمائوں نے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور جنوبی پنجاب محاذ کے درمیان مذاکرات مکمل ہوگئے ہیں تاہم اس حوالے سے دیگر تفصیلات آج ( بدھ ) اسلام آباد میں جاری کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

جبکہ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے بھی نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ سے مذاکرات کامیاب ہونے کی تصدیق کی۔انہوں نے بتایا کہ خسرو بختیار اور دیگر رہنمائوں سے کافی عرصے سے مذاکرات جاری تھے جن میں پی ٹی آئی کے 29 اپریل کے جلسے کے بعد تیزی آئی تھی۔جنوبی پنجاب صوبہ محاذ سے درخواست کی تھی کہ اکٹھے ہوکر صوبے کے لیے کوشاں ہوں اور اسے کامیاب بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ( بدھ ) ایک تاریخی دن ہے جس میں جنوبی پنجاب کے نئے روشن مستقبل کا اعلان ہوگا، جنوبی پنجاب صوبہ محاذ والے تحریک انصاف میں ضم ہوں گے، عمران خان آج ( بدھ ) جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے رہنمائوں کے پاس جائیں گے جہاں پریس کانفرنس ہوگی۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم مل کر الیکشن لڑیں گے جو (ن) لیگ کو بڑا جھٹکا ہے، (ن) لیگ کا وجود جنوبی پنجاب میں بہت کم رہ گیا ہے اور پیپلزپارٹی کا خاتمہ ہوگیا ہے۔

یہ ہماری پارٹی کے لیڈنگ ممبران ہوں گے، پارٹی کو ان کی ضرورت ہے اور ان کے سیاسی تجربے سے فائدہ ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب محاذ کے ارکان اب آزاد کے بجائے بلے کے نشان پر الیکشن میں حصہ لیں گے، جنوبی پنجاب محاذ کی قیادت کل چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کرے گی اور مشترکہ پریس کانفرنس میں فیصلے کا اعلان ہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات