علی بابا گروپ نے معروف شاپنگ ویب سائٹ Daraz کو خرید لیا

علی بابا گروپ کے ترجمان نے اس ڈیل کی تصدیق کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 8 مئی 2018 15:04

علی بابا گروپ نے معروف شاپنگ ویب سائٹ Daraz کو خرید لیا
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 مئی 2018ء) : علی بابا گروپ نے جنوبی ایشیا کی معروف شاپنگ ویب سائٹ Daraz کو خرید لیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق علی بابا گروپ کے ترجمان نے اس معاہدے کی تصدیق کر دی تاہم تاحال کمپنی کی جانب سے اس معاہدے کا اعلان نہیں کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ علی بابا گروپ نے راکٹ انٹرنیٹ کے سب سے بڑے ای کامرس پلیٹ فارم دراز گروپ کو خرید لیا ہے۔

پاکستان میں دراز کا قیام 2012ء میں عمل آیا۔ دراز پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک میں آن لائن شاپنگ کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ ان ممالک میں بنگلہ دیش، سری لنکا، میانمار اور نیپال شامل ہیں۔ راکٹ کے مطابق علی بابا نے مکمل دراز گروپ کو خرید لیا ہے اور یہ دوسری مرتبہ ہے کہ علی باب گروپ نے کسی راکٹ کمپنی کو خریدا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس ضمن میں کچھ افواہیں گذشتہ کچھ ماہ سے ہی سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہی ہیں لیکن چونکہ کمپنی کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا لہٰذا ان خبروں کی تصدیق کرنا مشکل تھا۔

خیال رہے کہ دراز ڈاٹ پی کے کو پاکستان کی بڑی شاپنگ ویب سائٹس کی فہرست میں شمار کیا جاتا تھا۔ اس ویب سائٹ پر انٹرنیٹ صارفین کے لیے روزمرہ ضروریات کی اشیا لے کر گھریلو اشیا تک تمام چیزیں دستیاب تھیں، دراز ڈاٹ پی کے پر فروخت ہونے والی چیزوں میں میک اپ کا سامان اور الیکٹرانکس کے سامان سمیت اور بھی بہت کچھ موجود تھا ۔ ذرائع کے مطابق علی بابا گروپ کی جانب کے دراز گروپ کو خریدنے کے بعد بھی یہ فورم ایسے ہی چلے گا ، تاکہ انٹرنیٹ صارفین اس کو پپہلے ہی کی طرح استعمال کر سکیں۔

خیال رہے کہ آج کل کے دور میں اسمارٹ فونز کا استعمال کہیں زیادہ بڑھ گیا ہے ، جس کے باعث صارفین دوست احباب سے روابط رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنی تمام تر مصروفیات فون پر ہی نمٹانے کو ترجیح دیتے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ آج کل کے دور میں آن لائن شاپنگ کو ہی ترجیح دی جاتی ہے۔