اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں قابض بھارتی افوج کے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم اور بربریت کا فوری نوٹس لیں ،ْچوہدری محمد یاسین

کشمیری شہدا کو سبز ہلالی پرچم میں دفن کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیری عوام آزادی حاصل کر کے اسکا الحاق پاکستان کے ساتھ کر کے رہیں گے ،ْتقریب سے خطاب

منگل 8 مئی 2018 15:10

لوٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری محمد یاسین نے کہا ہے کہ قابض بھارتی افوج مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم اور بربریت کے ذریعے کشمیری عوام کا جس بے دردی سے خون بہا رہی ہے ۔اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اسکا فوری نوٹس لیں ۔شوپیاں میں پروفیسر رفیق بٹ سمیت20 افراد کو ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے شہید کرنے کے واقعہ کے بعد وادی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے ،کرفیو نافذ کر وادی کو محاصرے میں لیا ہوا ہے ۔

منگل کو کشمیری کمیونٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت اس طرح کشمیری عوام کو خوفزدہ کر کے تحریک آزادی کو کچلنا چاہتی ہے لیکن اسکو ناکامی ہوگی ۔دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ نہتے کشمیری بھارت کی سفاکیت اور جارحیت کے سامنے سینہ تان کر کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں سے حملے،سرچ آپریشن میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنا ،محاصرے ،گھر گھر تلاشی ،پیلٹ گنز کا بے دریغ استعمال انسانی حقوق کی تنظیمیں اسکا نوٹس لیں بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت کو جن میں یاسین ملک ، سید علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق ،سید شبیر شاہ سمیت دیگر حریت رہنماں کو پابند سلاسل کیا ہوا ہے انکے خلاف بے بنیاد مقدمات قائم کیے گئے ہیں لیکن انکے پایہ استقامت میں کوئی لرزش نہیں آئی۔

انہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ قیدوبند میں گزارا ان کی اس بے مثال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا مقبوضہ وادی کے اندر نوجوانوں کو انٹروگیش سنٹروں میں لے جا کر انسانیت سوز مظالم ڈھائے جارہے ہیں اور انکو قتل کیا جارہا ہے ، آئے روز نوجوانوں کو شہید کرنا معمول بن گیا ہے ، گزشتہ روز بھی کئی نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا وزیراعظم مودی درندگی کا نشان بن چکا ہے اس کا چہرہ کشمیریوں کے خون سے رنگا ہوا ہے لندن میں کشمیری عوام نے عالمی برادری کے سامنے جس طرح مودی کو ننگا کیا ہے اسی طرح آئندہ جہاں بھی مودی جائے گا مودی کے خلاف اسی طرح کے مظاہرے کیے جائیںگے لندن میں کشمیری عوام نے انتہائی منظم انداز میں بھارتی وزیراعظم مودی کے خلاف زبردست مظاہرہ کر کے یہ پیغام دے دیا ہے کہ وہ غاصب بھارتی تسلط میں کسی صورت نہیں رہیں گے اور اپنی تحریک آزادی سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے کرفیو اور گولیوں کی بوچھاڑ میں کشمیری شہدا کو سبز ہلالی پرچم میں دفن کرنا سے اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیری عوام آزادی حاصل کر کے اسکا الحاق پاکستان کے ساتھ کر کے رہیں گے انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کشمیریوں کی نسل کشی کے لئے اب بدترین سطح پر اتر آئی ہے جس کیلئے اس نے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال شروع کر دیا ہے ان حملوں سے کشمیریوں کی پوری نسل کو آپاہج بنایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج اس طرح کے سفاکانہ اقدامات کے باوجود بھی بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو نہ تو دبا سکا ہے نہ ہی ان کو جھکا سکا ہے۔