کار حادثے میں بچہ زخمی ، حالت تشویشناک

شارجہ میں کار حادثے میں زخمی ہونے والا بچہ زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے

Sadia Abbas سعدیہ عباس منگل 8 مئی 2018 15:17

شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2018ء) شارجہ میں الدہید کے علاقے میں آٹھ سالہ بچہ ایک امارتی شہری کی گاڑی کے نیچے آکر کچلا گیا ۔ مزید تفصیلات کے مطابق بچے کی حالت کافی تشویشناک ہے ۔ حادثہ گزشتہ روز پیر کو پیش آیا تھا ۔ پولیس ذرائع سے حاصل ہونے والی تفصیلات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب بچہ سپر مارکیٹ جانے کے لیے سڑک پار کر رہا تھا کہ اسی اثناء میں تیز رفتار گاڑی آئی اور بچے کو کچل کر آگے بڑھ گئی ۔

پولیس نے امارتی ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے ۔ شارجہ پولیس کے ترجمان نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کو کنٹرول روم میں اس حادثے سے متعلق اطلاع موصول ہوئی تھی جس پر پولیس کی حادثات کی تحقیق کی ایک ٹیم ، ایمبولینس اور پیرا میڈیکس سٹاف کے ساتھ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچی اور بچے کو اسپتال منتقل کیا ۔

(جاری ہے)

پولیس کے ترجمان نے مزید بتایا کہ پولیس ریکارڈ وقت میں جائے حادثہ پر پہنچ گئی تھی اور انہوں نے فوری کاروائی کرتے ہوئے ڈرائیورکو گرفتار کیا اور بچے کو اسپتال منتقل کیا ۔

بچے کو شارجہ کے الدہید اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے جہاں انتہائی نگہداشت کے ڈیپارٹمنٹ میں اسکا علاج جاری ہے ۔ طبی ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق بچے کی حالت کافی تشویشناک ہے اور ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن کچھ کہا نہیں جا سکتا کہ بچہ جانبر ہو گا کہ نہیں ۔ مقامی ذرائع کے مطابق بچے کے والدین نے پولیس سے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ انکے بچے کی جس نے بھی یہ حالت کی ہے اسکے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے ۔

پولیس نے بچے کو زخمی کرنے والے ڈرائیور کو گرفتار کرکے پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا ہے ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ۔ تاہم ڈرائیور کا کہنا ہے کہ گاڑی کی رفتار تیز تھی لیکن اسنے کنٹرول کرنے کی کوشش کی تھی ، بچے کو سڑک پر دیکھ کر اسنے گاڑی اسکے کنٹرول سے باہر ہو گئی اور  اسکی تمام کوشش بے کار گئی ۔ کیونکہ بچہ اچانک سے سڑک کے درمیان میں آ گیا تھا ۔ پولیس نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ والدین کو اتنے چھوٹے بچوں کو اس طرح سڑکوں پر اکیلے نہیں بھیجنا چاہیے ۔