آئندہ الیکشن میں مخالفین کو شکست فاش سے دو چار ہونگے،رانا ثناء اللہ

عوام ملک کو خلفشار اور افراتفری کی طرف سے لے جانے والوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دے گی ،تقریب سے خطاب

منگل مئی 15:50

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2018ء) صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثنا الله خاں نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی عوامی خدمت اور ترقی کے حوالے سے مثالی کارکردگی سے خائف ہیں اور وہ آئندہ الیکشن میں شکست فاش سے دو چار ہونگے کیونکہ عوام ملک کو خلفشار اور افراتفری کی طرف سے لے جانے والے کو مسترد کر دیں گے ۔

انہوں نے یہ بات منج چوک صدر بازار غلام محمد آباد میں مسلم لیگی رہنما رانا اسلام کی طرف سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ ارکان صوبائی اسمبلی محمد نواز ملک ‘ چوہدری ظفر اقبال ناگرہ کے علاوہ رانا علی حسن ‘ رانا عاصم و دیگر کارکن اور عمائدین علاقہ بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ عوام پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی فلاحی پالیسیوں کی تائید کرتے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ جماعت جمہوریت کی بالا دستی اور عوامی خدمت کے مشن پر یقین رکھتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے اس سلسلے میں سی پیک کا منصوبہ پاکستان کی تقدیر بدل دے گا جبکہ لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لئے متعدد پاور پلانٹس کا قیام اعلی کارکردگی کا بین ثبوت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شفاف انداز میں دیانتداری سے عوامی خدمت ہی ہمارا مشن ہے جسے پورا کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہیں اور سیاسی مخالفین کی نکتہ چینی کی پرواہ کئے بغیر شہروں اور دیہاتوں میں ترقی کے ثمرات یکساں انداز میں عوام کی دہلیز تک پہنچا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر قانون نے کہاکہ گزشتہ پانچ سالوں میں موٹر ویز سمیت خوبصورت اور پائیدار سڑکوں کا جال ‘ ہسپتالوں ‘ سکولوں و کالجوں کی اپ گریڈیشن اور عوامی بہبود کے لاتعداد منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچے جس پر صوبہ بھر کے عوام بجا طور پر فخر کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کا سفر آئندہ بھی بھر پور انداز میں جاری رہے گا ۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ عوام سے گہرا رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کا حل ان کی سیاست کا مشن ہونا چاہئے ۔

ارکان اسمبلی نے کہا کہ وعدوں کی تکمیل اور اعلی ترین کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان مسلم لیگ ( ن ) آئندہ عام انتخابات میں بھی عوامی عدالت میں سرخرو ہو گی ۔ رانا عبدالسلام و دیگر نے تعمیر و ترقی اور عوامی خدمت کے حوالے سے وزیر قانون رانا ثناء الله خاں کی کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے آئندہ بھی ان پر بھر پور اعتماد کے اظہار کا اعلان کیا