جنوبی کشمیر کو ایک قتل گاہ میںتبدیل کردیا ہے ،سیدعلی گیلانی

بھارت کشمیر میں ظلم و بربریت، سفاکیت اور فسطائیت کا بدترین مظاہرہ کر رہاہے ،چیئرمین کل جماعتی کانفرنس

منگل 8 مئی 2018 15:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ پورے مقبوضہ علاقے خاص طورپر جنوبی کشمیرمیں بھارتی فوجی کی طرف سے نہتے کشمیریوں اورنوجوانوںکا قتل عام جاری ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فورسز کی تاناشاہی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف نہتے نوجوانوں کا قتل عام کیا جارہا ہے اور دوسری جانب ہمیں اس پر احتجاج کرنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔

انہوںنے کہاکہ بھارت مقبوضہ علاقے میں ظلم و بربریت، سفاکیت اور فسطائیت کا بدترین مظاہرہ کر رہاہے اور بھارتی فورسزلوگوں کو صفحہٴ ہستی سے مٹاکر یہاں کی زمین پر قبضہ کرنا چاہتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے وادی کشمیر میںبھارت کی درندہ صفت فوج کی طرف سے خون میں ایک بار پھر نہلانے اور اس سرزمین کو 11سپوتوں کے لہو سے سیراب کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ7دہائیوں سے بھارتی قابض افواج اور ان کی مقامی کٹھ پتلیاں کشمیریوںکے لہو سے اپنی پیاس بجھانے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوںنے گزشتہ روز سرینگر اور شوپیاں میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ بھارتی سورماؤں نے عملاً یہ اعلان کیا ہے کہ ہم ہر کشمیری کو ابدی نیند سلاکے ہی دم لیں گے کیونکہ انہیں صرف کشمیر کی زمین سے غرض ہے نہ کہ یہاں کے مکینوں سے۔ انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یکسو ہوکر ایک ہی رنگ میں رنگنے کے ضرورت ہے ، ہم ساتھ ساتھ مجاہد اور مخبر نہیں ہوسکتے۔

ہم آزادی کی لڑائی کے ساتھ ساتھ فوجوں کے مددگار نہیں ہوسکتے۔سیدعلی گیلانی نے گاندربل کے شہید پروفیسر محمد رفیق کے تعزیتی جلسے ٹیلیفونک خطاب میں انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان اور باعزت روزگا ر کے حامل نوجوان کی طرف سے اپنی محکوم قوم کیلئے اتنی بڑی قربانی اٴْس سوچ کیلئے ایک زوردار طمانچہ ہے جو کشمیر کی تحریک آزادی کو بے روزگاری اور اقتصادی مسئلہ سے جوڑ کر اصل حقائق سے چشم پوشی کرنے کا گھناؤنا اور مکارانہ جرم کرتے ہیں۔

حریت چیئرمین نے کٹھ پتلی انتظامیہ اور بھارت نواز سیاست دانوںکوبھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ادھر سیدعلی گیلانی نے جو گھر میں مسلسل نظربند ہیں پیر کو گھر سے باہر نکل کر مشترکہ حریت قیاد ت کی کال پر سول سیکریٹریٹ کی طرف مارچ کی کوشش کی تاہم انکے گھر کے باہر تعینات پولیس اہلکاروںنے انہیں دوبارہ گھر میں نظربند کردیا ۔