مقبوضہ کشمیرمیں نہتے نوجوانوں کے قتل کے خلاف ہڑتال مسلسل دوسرے دن بھی جاری

منگل 8 مئی 2018 15:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں اتوار کو شوپیاں میں دس نوجوانون کے قتل کے خلاف آج مسلسل دوسرے دن بھی مکمل ہڑتال جاری ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ہڑتال کی کال سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیاد ت نے دی ہے ۔ تمام دکانیں اور تجارتی مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل ہے ۔

(جاری ہے)

ادھر کٹھ پتلی انتظامیہ نے لوگوں کو بھارتی فوجیوں کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرنے سے روکنے کیلئے سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوںمیں مسلسل پابندیاں نافذ کر رکھی ہیں ۔ یونیورسٹیاں،کالجز اور سکولوں سمیت تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ آج ہونیوالے تمام امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ وادی کشمیر میں مسلسل تیسرے دن آج موبائیل فون سروس معطل ہے اور جنوبی کشمیر کے قصبے بارہمولہ اور جموں کے قصبے بانیہال کے درمیان ٹرین سروس بھی معطل ہے ۔ قابض انتظامیہ نے حریت رہنمائوں سیدعلی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق ، محمد اشرف صحرائی اور محمد یاسین ملک کو گھروں یاتھانوں میںمسلسل نظربند رکھا۔