شیشہ پینے پر پابندی عائد

دبئی میں دوران رمضان المبارک میں افطار کے وقت شیشہ پینے پر پابندی عائد

Sadia Abbas سعدیہ عباس منگل 8 مئی 2018 15:53

شیشہ پینے پر پابندی عائد
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2018ء) دبئی میونسپلٹی نے دوران رمضان افطار کے وقت شیشہ پینے پر پابندی عائد کر دی ہے ۔ مزید تفصیلات کے مطابق پابندی افطار کے بعد رات 9 بجے تک لگائی گئی ہے ۔ دبئی میونسپلٹی کے ترجمان نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ پابندی اس لیے لگائی گئی ہے تاکہ کم عمر بچوں ، حاملہ خواتین اور جو لوگ سگریٹ نہیں پیتے اُن کو شیشے کے مضر صحت دھویں سے بچایا جا سکے ۔

دبئی میونسپلٹی نے رمضان میں افطار کے وقت خیمے لگانے والوں کی درخواستیں وصول کرنا شروع کر دیں ہیں ،دبئی میونسپلٹی میں پبلک ہیلتھ اینڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کے قائم مقام ڈائریکٹر ڈاکٹر نصیم رفیع نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کہ اافطار خیموں کے لیے مجموعی طور پر 8 درخواستیں موصول ہوئیں تھیں جن میں سے دو قبول کر لی گئیں ہیں جب کہ باقی درخواستوں کی ابھی جانچ پڑتال جاری ہے ۔

(جاری ہے)

اتحاد نیوز کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق رمضان افطار خیموں میں عام طور پر شیشہ اور سگریٹ پینے والوں کے خیمے شیشہ یا سگریٹ نہ پینے والوں سے الگ نہیں کیے جاتے جسکی وجہ سے شیشہ نہ پینے والوں کو کافی مشکل سے دوچار ہونا پڑتا ہے ۔ اس لیے دبئی مونسپلٹی نے رمضان میں افطار خیموں میں افطاری کے بعد رات 9 بجے تک شیشہ پینے پر پابندی عائد کر دی ہے ۔

دبئی میونسپلٹی نے اپنے اس فیصلے سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ خیموں میں شیشہ پینے کی یہ پابندی متحدہ عرب امارات کے تمباکو اور منشیات کی روک تھام کے 2009 کے وفاقی قانون نمبر 15 کے مطابق لگائی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ دبئی میونسپلٹی نے رمضاں خیموں کے لیے درخواستیں جمع کروانے والے ہوٹلوں کو ہدایات جاری کیں ہیں  کہ درخواستیں جمع کرواتے ہوئے انھیں میونسپلٹی کو اس بات کی یقین دہانی کروانی ہو گی کہ خمیوں کے اندر جانے کا راستہ ہوٹلوں کے اندر جانے کے راستے سے الگ ہو گا۔