غیر قانونی سلنڈر رکھنے پر17 پسنجر ویگنیں تھانوں میں بند

منگل 8 مئی 2018 16:10

سرگودھا۔08مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) داخلی و خارجی شاہراہوں پر خصوصی کریک ڈائون کے دوران سیکرٹری ڈی آر ٹی اے کے عملہ اور ٹریفک پولیس نے مختلف مقامات پر ناکے لگا کر غیر قانونی سلنڈرز والی 17 ہائی ایس ویگنیں پکڑکر ڈرائیوروں سمیت تھانوں میںبند کر دیں،فیصل آباد روڈ بائی پاس،لاہور روڈ قینچی موڑ، سلانوالی روڈ 85جھال اور شاہپور سمیت مختلف مقامات پر ناکہ جات پر موجود سیکرٹری ڈی آر ٹی اے کے عملہ اور ٹریفک پولیس نے مشترکہ کارروائی کر کے 50 سے زائد ہائی ایس ویگنوں کو چیک کیا جن میں سے 17 ہائی ایس ویگنیں غیر معیاری سلنڈرز رکھنے پر قبضہ میں لیکر فضل شیر، سکندر حیات، فتح محمد، طاہر، عدیل احمد، محمد سلیم، رفیق و دیگر ڈرائیورز کیخلاف مقدمات درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی۔