کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کیخلاف کل جماعتی حریت کانفرنس کا اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ

منگل 8 مئی 2018 16:10

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں میں کشمیر یونیورسٹی کے پروفیسر سمیت 14کشمیری نوجوانوں کے قتل کیخلاف کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموںوکشمیر شاخ نے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس موقع پر بھارتی فوج کی طر ف سے نہتے کشمیریوںپر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی گئی جس میں کئی بے گناہ کشمیری شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہو گئے ہیں۔

مقررین نے افسوس ظاہر کیاکہ بھارت نے تمام اخلاقی ، انسانی اور قانونی قدروں کو روندتے ہوئے مقبوضہ کشمیرمیں گولیوں اور پیلٹ گنوںکا استعمال کر کے سینکڑوں کشمیریوں کو بصارت سے محروم اور زخمی کر دیا ہے جبکہ ہزاروں کشمیری کالے قانون کے تحت گرفتار کیاگیاہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیںا پنی فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی ظلم و بربریت کے حالیہ واقعات نے پوری قوم کو سخت مغموم کیا ہے۔

مقررین نے کہاکہ بھارت قابض افوج کے ذریعے کشمیریوںکی نسل کشیُ کے علاوہ خواتین کی عزت و عصمت کو بھی پامال کر رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت ان اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کوکمزور کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے ۔تاہم انہوںنے کہاکہ بھارت اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگا۔ اس موقع پر حریت قائدین نے متاثرہ کشمیری خاندانوں سے یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ شہداء کی قربانیوں کو رائیگاںنہیں جانے دیا جائیگا اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائیگا۔