پنجاب میں موٹر سائیکل اسمبلنگ اور ڈیلرز آرڈیننس کے اجراء کا مطالبہ

حکومت سماجی انصاف اور قومی ترقی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لارہی ہے،گورنر پنجاب

منگل 8 مئی 2018 16:30

راولپنڈی08مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) آل پاکستان موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پنجاب میں موٹر سائیکل اسمبلنگ اور ڈیلرز آرڈیننس کے اجراء کا مطالبہ کر دیا ۔یہ مطالبہ آل پاکستان موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن چیئرمین ایم اے ہارون شیخ کی قیادت میں گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ سے ملاقات کرنے والے وفد نے کیا ۔

’’اے پی پی‘‘ کو موصولہ اطلاعات کے مطابق وفد نے گورنر پنجاب کو موٹر سائیکل کے کاروبار سے وابستہ کاروباری برادری کی مشکلات سے آگاہ کیا اور گورنر پنجاب سے مسائل کے حل کا مطالبہ کرتے ہوئے تجویز دی کہ پنجاب میں موٹر سائیکل اسمبلنگ اور موٹر سائیکل ڈیلرز کیلئے آرڈیننس جاری کیا جائے ۔جس پر گورنر پنجاب نے وفد کو یقین دلایا کہ ایسوسی ایشن کے ساتھ معاونت کی جائے گی اور موٹر سائیکل کے شعبے سے وابستہ تاجروں کے مسائل حل کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

وفد میں دانیال خان، ملک عماد، الطاف احمد خان، ملک عمران اور ریحان صدیقی شامل تھے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک میں پائیدار ترقی کے لئے انفراسٹرکچر کو مضبوط بنیادوں پراستوار کیاہے ،موجودہ حکومت سماجی انصاف اور قومی ترقی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لارہی ہے جس کا مقصد عام آدمی کے سماجی و اقتصادی حالات میں بہتری لانا ہے۔