Live Updates

جنوبی پنجاب محاذ کی قیادت کا تحریک انصاف میں شامل ہونے کا فیصلہ خوش آئند ہے، یہ نظریاتی لوگوں کا فیصلہ ہے، ڈاکٹر عارف علوی

منگل 8 مئی 2018 16:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب محاذ کی قیادت کا تحریک انصاف میں شامل ہونے کا فیصلہ خوش آئند ہے، یہ نظریاتی لوگوں کا فیصلہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے کافی پہلے جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کی بات کی اور تحریک انصاف نے آئندہ عام انتخابات میں جنوبی پنجاب صوبہ کے مطالبہ کو منشور کا حصہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

عارف علوی نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں لوگ بنیادی سہولیات، علاج معالجہ، تعلیم و صحت سے بھی محروم ہیں۔ کراچی کے واقعہ پر سوال سے متعلق انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے غنڈہ گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہماری جماعت کے کارکنوں پر حملہ کیا اور ہماری گاڑیوں کو توڑ پھوڑ دیا، مقامی انتظامیہ اور پولیس خاموش تماشائی بنی تماشا دیکھتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا چور اور بدمعاش کو شرفاء کے برابر کھڑا نہ کرے، یہ امتیاز معاشرہ کی برائیوں کو درست نہیں ہونے دیتا، تحریک انصاف اس امتیاز کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات