لیوک رونچی اور مچل میکلینا گہن کالی آندھی کے خلاف ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کیلئے ورلڈ الیون سکواڈ میں شامل

منگل 8 مئی 2018 16:30

لارڈز۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) نیوزی لینڈ کے سابق بلے باز لیوک رونچی اور فاسٹ بائولر مچل میکلینا گہن کو رواں ماہ کے آخر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل چیریٹی میچ کیلئے آئی سی سی ریسٹ آف ورلڈ الیون سکواڈ میں شامل کر لیا گیا، ان دونوں کھلاڑیوں کی شمولیت کے ساتھ ہی ورلڈ الیون سکواڈ بھی مکمل ہو گیا، رونچی نے گزشتہ سال جون میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا لیکن ورلڈ الیون سکواڈ میں طلبی کا مطلب ہے کہ وہ بھی آفریدی کی طرح تھوڑی دیر کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کریں گے، انگلینڈ کے ایوان مورگن ٹیم کی قیادت کریں گے۔

(جاری ہے)

ورلڈ الیون اور کالی آندھی کے درمیان ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل چیریٹی میچ 31 مئی کو لارڈز کے تاریخی گرائونڈ پر کھیلا جائے گا، پاکستان کے شاہد خان آفریدی اور شعیب ملک بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اور میلبورن کرکٹ کمیٹی نے گزشتہ برس کیریبین میں سمندری طوفانوں سے متاثر ہونے والے اسٹیڈیمز کی تعمیر نو کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے کیلئے اس میچ کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا۔