عبدالرزاق کی 5 برس بعد کرکٹ میدانوں میں حیران کن واپسی، قائداعظم ٹرافی میں پی ٹی وی کی نمائندگی کریں گے

منگل 8 مئی 2018 16:30

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) سابق پاکستانی آل رائونڈر عبدالرزاق 38 برس کی عمر میں کرکٹ میدانوں میں حیران کن واپسی کریں گے، پاکستان ٹیلی ویژن نے قائداعظم کرکٹ ٹرافی کیلئے ان کی خدمات حاصل کر لیں، انہوں نے آخری مرتبہ 2015ء میں ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے 1996ء میں انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہیں 46 ٹیسٹ، 265 ایک روزہ اور 32 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں گرین شرٹس کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے، انہوں نے آخری مرتبہ 2013ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔

عبدالرزاق نے اپنے بیان میں کہا کہ محمد وسیم نے دوبارہ کرکٹ کھیلنے کیلئے میری بہت حوصلہ افزائی کی اور میں پی ٹی وی کا مشکور ہوں جس نے مجھے موقع فراہم کیا، اب اگلا ہدف پاکستان سپر لیگ کھیلنا ہے اور مقصد کے حصول کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔