فاطمہ جناح میڈ یکل یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ کا اجلاس

وزیر صحت کی زیر صدارت اجلاس میں یونیورسٹی اور اس سے منسلک ہسپتالوں کے امور نمٹائے گئے

منگل مئی 16:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2018ء) صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ کا اجلاس یونیورسٹی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا- اجلاس میں وائس چانسلر FJMUپروفیسر ڈاکٹر جاوید گردیزی، ڈاکٹر نوشین حامد ایم پی اے اور دیگر محکموں کے افسران، ایم ایس سرگنگارام ہسپتال ڈاکٹر فیاض بٹ، ایم ایس گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر رفیق چوہدری ، ایم ایس گورنمنٹ مزنگ ہسپتال نے شرکت کی- اجلاس میں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی اور اس سے منسلک ہسپتالوں کے انتظامی اور مالی امور ، ملازمین کے سروس کے معاملات اور تعمیراتی کاموں سے متعلق امور پیش کئے گئے جن میں جنیٹوریل سروس کا کنٹریکٹ، ایم آر آئی مشین کی کوائل تبدیل کرنے ، محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ذریعے بلڈنگ ورکس کرانے کی منظوری ، یونیورسٹی کے لئے انتہائی ضروری آسامیاں پیدا کرنے کے بارے کیسز نمٹائے گئی- اس موقع پر وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ تمام کام میرٹ پر اور قواعد کے مطابق پوری طرح جانچ پڑتال کے بعد سنڈیکیٹ کے اجلاس میں پیش کئے جائیں- خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ اگر ضروری ہو تو سنڈیکیٹ کا مزید ایک اجلاس مئی کے مہینہ میں بلایا جاسکتا ہے۔