تھیلسیمیا کے عالمی دن کے موقع پرتھیلسیمیا سے بچائو کے آن لائن سسٹم کا افتتاح

تھیلسیمیا پاکستان کی سب سے بڑی موروثی بیماری ہے،بچائو کیلئے محکمہ صحت اور پی ٹی پی پی بھرپورسہولیات فراہم کر رہے ہیں‘سلمان رفیق

منگل 8 مئی 2018 16:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) تھیلسیمیا کے عالمی دن کے موقع پرپنجا ب تھیلسیمیا پریونشن پراجیکٹ اور تھیلسیمیاسوسائٹی آف پاکستان نیتھیلسیمیا سے آگاہی کے بارے میں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں ایک سیمینار منعقد کیاگیا ۔تھیلسیمیا کا عالمی دن ہر سال 8مئی کو تمام دنیا میں منایا جاتا ہے اس دن تھیلسیمیا کے مریض ان کے والدین،تھیلسیمیا سوسائٹیاں اور رضاکار تھیلسیمیا کے بارے میں مختلف تقریبات کے ذریعے شعور اجاگر کرتے ہیں۔

سیمینار کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیرِ صحت خواجہ سلمان رفیق اور وائس چانسلرفاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر جاوید رضا گردیزی تھے۔ اس پروگرام میںتھیلسیمیا کے مریض بچے اور انکے والدین، میڈیکل کی طالبات اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تھیلسیمیا کے بچوں نے اِس موقع پر رنگارنگ ٹیبلو بھی پیش کیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شبنم بشیر پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ٹی پی پی نے تھیلسیمیا کی بیماری اور اِس کی پیچیدگیوں کے بارے میںآگاہ کیا۔ اِس وقت پاکستان میں 10-12ملین تھیلسیمیا کے کیرئیر اور تقریباً 60,000تھیلسیمیا میجر کے مریض رجسٹرڈ ہیں۔ اور ان میں ہر سال 6000کا اضافہ ہور ہا ہے۔جن کا مکمل علاج پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کے لئے ناممکن ہے۔

اس سلسلے میں حکومتِ پنجاب پی ٹی پی پی کے ذریعے تھیلسیمیا سے بچائو کی مکمل سہولیات جن میں تھیلسیمیا کے کیرئیر کی سکریننگ اور تشخیص قبل از پیدائیش ہے فراہم کر رہی ہے۔پی ٹی پی پی تھیلسیمیا سے بچائوکی سہولیات پنجاب کے تمام (36)اضلاع میں مفت فراہم کر رہے ہیں۔ سیکریٹری جنرل تھیلسیمیا فیڈریشن آف پاکستان، ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے پی ٹی پی پی کی کاوشوں کو سراہا اور تھیسلسیمیا کے تدارک میں اہم کردار ادا کرنے اوراِس کے بارے میں آگاہی دینے کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تھیلسیمیا سے بچائو کے پراجیکٹس پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں میں بھی شروع کرنے کی اشد ضرورت ہے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیرِ صحت خواجہ سلمان رفیق نے پی ٹی پی پی آن لائن سافٹ وئیر کا افتتاح کیا اس سافٹ وئیرکی مدد سے اب پی ٹی پی پی کے فیلڈ افسران پنجاب کے تمام اضلاع میں مریضوں، ان کے خاندان کے ا فراداور عام لوگوں کی تھیلسیما سکریننگ کرتے وقت رئیل ٹائم میں ان کا ڈیٹا اپ لوڈ کرسکیں گے۔

مریضوں کے سمپلز بارکوڈ ریڈرز کے ساتھ ہونگے اور بہت جلدآٹومیٹک مشینیں بھی سافٹ وئیر کے ساتھ منسلک کردی جائیںگی ۔اس کے ساتھ نہ صرف ٹسٹ کے رزلٹ اور ان کی کوالٹی میں بہت اضافہ ہوگا بلکہ پراجیکٹ کی مینجمنٹ بھی بہت بہتر ہو جائے گی اوراس کے ساتھ ساتھ مریضوں کو آن لائن رپورٹ کی سہولت بھی میسر ہو گی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تھیلسیمیا پاکستان کی سب سے بڑی موروثی بیماری ہے۔

اور اس سے بچائو کے لئے وزیرا علیٰ پنجاب کی زیرِ قیادت محکمہ صحت اور پی ٹی پی پی بھرپورسہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) اور پی ٹی پی پی کی مشترکہ کاوشوں سے تیار ہونے والے آن لائن سافٹ وئیر کے اقدام کو بھی سراہا اور پی آئی ٹی بی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوںنے اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کیا۔

وزیر صحت نے مزید کہا کہ مجھے نہایت خوشی ہے کہ پی ٹی پی پی نہایت بھرپور طریقے سے تھیلسیمیا سے بچائو کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔مزید براں انہوں نے اِس وعدے کے ساتھ اپنی تقریرکا اختتام کیاکہ حکومتِ پنجاب کا عزم ہے کہ تھیلسیمیا سے بچائو کی مکمل سہولیات پنجاب کے چھوٹے سے چھوٹے شہر اور گائوں تک پہنچائی جائیں گی تاکہ آئندہ آنے والی نسلوں کو اِس بیمار ی سے بچایاجاسکے۔