اس سال گزشتہ سال کی نسبت 22.46 فیصد زیادہ داخلے ہوئے،ترجمان جامعہ اردو

منگل 8 مئی 2018 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) وفاقی جامعہ اردوکی ترجمان کے مطابق اس سال گذشتہ سال کی نسبت 22.46 فیصد زیادہ داخلے ہوئے اورشیخ الجامعہ ڈاکٹر ایس الطاف حسین کی کوششوں سے اس سال کلیہ فارمیسی کا الحاق فارمیسی کونسل سے ممکن ہوسکا اور سال برائے 2018میںفارم ڈی صبح اور شام کے پروگرامز میں110مختص نشستوں پر طلباء کو داخلے دیئے گئے جس کے لئے 400طلباء و طالبات کی درخواستیں موصول ہوئیں۔

مزید یہ کہ اس سال جامعہ اردو کے گلشن اقبال اور عبدالحق کیمپس کے 6کلیات کلیہ فنون، کلیہ سائنس و ٹیکنالوجی، کلیہ بزنس ایڈمنسٹریشن،کامرس واکنامکس، کلیہ تعلیم، کلیہ اسلامی تعلیمات اورکلیہ فارمیسی کی30سے زائد شعبہ جات میں3ہزار داخلے دیئے گئے جبکہ سال2017میں2326داخلے ہوئے تھے اس طرح سال 2017 کے مقابلے میں سال2018 میں 23.46فیصد زائد داخلے ہوئے جو کہ خوش آئند بات ہے۔

(جاری ہے)

یہ داخلے بی ایس اور ماسٹرز صبح اور شام کے پروگرامز میں دیئے گئے۔وفاقی جامعہ اردو کے شیخ الجامعہ ڈاکٹر ایس الطاف حسین کا اس سلسلے میںموقف ہے کہ ان کی کوشش ہوگی کہ جامعہ اردو میں تعلیم اور تحقیق کا معیار بلند ہو اور تدریس کو طلباء کے لئے زیادہ سے زیادہ موثر اور پرکشش بنایا جائے اس سلسلے میں انتظامیہ شعبہ جات سے تعاون کرتے ہوئے نہ صرف انہیں تحقیقی وہم نصابی سرگرمیوں کے لئے فنڈز مہیا کرے گی بلکہ اس طرح کی صحت مندانہ سرگرمیوں کے لئے مکمل تعاون کیا جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ جامعہ دراصل طلباء کے لئے ہے او ر طلباء کو تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہمارا اولین مقصد ہے جبکہ طلباء کو بھی چاہئے کہ وہ دوران تعلیم زیادہ سے زیادہ علم وشعور حاصل کریں ، اپنے شعبے سے متعلق زیادہ سے زیادہ نظری معلومات اور عملی تر بیت حاصل کریں اور دن رات محنت کرکے نہ صرف جامعہ بلکہ اپنے ملک کا نام روشن کریں۔