آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی لائبریری کمیٹی کے زیر اہتمام ادبی نشست کا اہتمام

منگل 8 مئی 2018 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی لائبریری کمیٹی کے زیر اہتمام ادبی نشست کا اہتمام کیا گیا جو دیارِغیر میں مقیم پاکستانی شعراء منیف اشعر ملیح آبادی ، پروفیسر رضیہ سبحان ، عشرت معین سیماکے اعزاز میں منعقد کی گی تھی۔ تقریب کی صدارت ملک کی معروف شاعرہ صبیحہ صبا نے کی جبکہ موقع پر مہمان خصوصی پروفیسر ہارون رشید بھی موجود تھے۔

لائبریری کمیٹی کے چیئرمین سہیل احمدنے ابتدائی کلمات میںکہا کہ آج کی اس تقریب کا اہتمام ہمارے ان قابل احترام شعراء کے اعزاز میں کیا گیا ہے جو دیار غیر میں مقیم ہونے کی با وجود اردو کی خدمت کر رہے ہیں ، اردو کی ترقی و ترویج کے لئے کام کر رہے ہیں اور بطور اردو ادب کے سفیر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ تمام باکمال شعراء قابل عزت ہیں اور اردو ادب کی حوالے سے ان کی کاوشیں بے مثال ہیں۔

ہماری کوشش ہوتی ہے کہ دُنیا بھر سے آنے والے اُردو ادب کے سفیروں کے اعزاز میں تقریبات منعقد کی جائیں تاکہ ان کو احساس ہو کہ ہم ان کو بھولے نہیں وہ ہمیں یاد ہیں اور اُن کو پاکستان آکر اجنبیت کا احساس نہ ہو۔ صدر محفل صبیحہ صبا کا کہنا تھا کہ آج ہم بہت اہم اور باکمال شخصیات کے درمیان موجود ہیں اور دیا ر غیر سے آئے سبھی مہمانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ لائبریری کمیٹی کے چیئرمین سہیل احمد کو اتنی عمدہ ادبی محفل کے اہتمام پر مبارکباد پیش کرتی ہیں۔ صبیحہ صبانے تقریب میں شرکت پر دیا ر غیر سے آئے تمام شرکاء سے اظہا ر تشکر کیا اور ان کا کلام پڑھا۔ مہمان خصوصی پروفیسر ہارون رشید نے ادب کے فروغ کے حوالے سے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اورچیئرمین لائبریری کمیٹی سہیل احمدکی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ آج کے اس دور میں ایسی ادبی محفل باعث مسرت ہے۔

تقریب کی دوران منیف اشعر ملیح آبادی(کینیڈا)، پروفیسر رضیہ سبحان (امریکا) ، عشرت معین سیما (جرمنی) نے اپنے لاجواب کلام سے سامعین کی خوب داد وصول کی۔ فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے اختر سروش نے بھی تقریب کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر دیار غیر سے آئے ہوئے مہمانوں کو گلدستے پیش کئے گئے اور نامور گلوکاروحید خیال نے نشست کے شعراء کا کلام پیش کیا۔