ہیپا ٹائٹس سے بچائو کیلئے سماجی و مذہبی جماعتیں اپنا کردار ادا کریں ، زاہد رحیم

منگل 8 مئی 2018 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) خدمت عوام ویلفیئر آرگنائزیشن کے بانی و چیئرمین اور ممتاز سماجی کارکن زاہد رحیم نے (JS) جے ایس ٹرسٹ کی جانب سے منعقدہ تقریب تقسیم عید گفٹ ، سلائی مشین اور مقابلہ نعت خوانی کے موقع پر ملیر کھوکھراپار شہید پارک میں مفت ھیپا ٹائٹس ، بلڈ شوگر اسکیننگ و ویکسنیشن کیمپ منعقد کیا۔ جس میں آنے والے شرکاء کا خطرناک بیماری ھیپا ٹائٹس بی و سی اور بلڈ شوگر ٹیسٹ کیا گیا اور انکی اس بیماری سے بچائو کی ویکسین بھی کی گئی۔

مفت طبی کیمپ بلڈ شوگر کیمپ کا JSٹرسٹ کے روح رواں جاوید صاحب، ڈاکٹر ثمینہ جاوید، سیکریٹری سندھ بوائے اسکائوٹس سید اختر میر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ سماجی بہبود عبد العزیز پالاری ، محمد طاہر شیخ اور دیگر شخصیات نے دورہ کیا اور کیمپ میں خدمات انجام دینے والے رضا کاروں ندیم نواب ، عمیمہ زاہد ، میمون اسلام ، محب اللہ خاں، خرم ضمیر انصاری ، وسیم الدین، وہاج احمد صدیقی کو خراج ِ تحسین پیش کیا ۔

(جاری ہے)

کیمپ آرگنائزر زاہد رحیم نے مفت طبی ، بلڈ شوگر ، ھیپا ٹائٹس کیمپ کے انعقاد میں بھرپور تعاون پر JS ٹرسٹ کے CEO محمد طاہر شیخ کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کراچی اور اس کے اطراف میں تیزی سے پھیلتی ہوئی خطرناک بیماری ھیپا ٹائٹس سے بچائو کے لئے تمام سماجی و مذہبی اور سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے اور عوام میں اس بیماری سے متعلق شعور و آگاہی بیداری مہم کو جاری رکھا جائے اور محکمہ صحت سندھ کی انتظامیہ چیف منسٹر سندھ ھیپا ٹائٹس کنٹرول پروگرام کو مزید فعال کرے تاکہ اس بیماری میں مبتلا غریب ضرورتمندوں کا بر وقت علاج کیا جا سکے ۔

خدمت ِ عوام ویلفیئر آرگنائزیشن حکومت ِ وقت اور دیگر سماجی تنظیموں کے اشتراک سے اس مہم کو جاری رکھے گی اور عوام کو انکی دہلیز پر مفت طبی سہولیات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔