جائیداد کی رجسٹری کا فرانزک ٹیسٹ کرانے کے خلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری

منگل 8 مئی 2018 16:50

لاہور۔08مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے جائیداد کی رجسٹری کا فرانزک ٹیسٹ کرانے کے خلاف درخواست پر فریقین کو 24 مئی کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے منگل کو خاتون روفیہ خالد کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

عدالت کے رو برو درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ اپنے عزیز غلام مرتضی کو پانچ مرلے مکان کی رجسٹری بطور امانت دی، غلام مرتضی نے جعلی کاغذات تیار کرکے تین ماہ بعد مکان خالی کرنے کا کہہ دیا، درخواست گزار کے مطابق ماتحت عدالت کے ذریعے غلام مرتضی رجسٹری کا فرانزک ٹیسٹ کرانا چاہتا ہے،جبکہ قانون کے مطابق رجسٹری پر ملکیت ثابت کرنے کے لیے شہادت کرانا لازمی ہے، درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت ملکیت رجسٹری پر پہلے شہادت ریکارڈ کرانے کا حکم دے۔