نوازشریف کی سروسز ہسپتا ل آمد،احسن اقبال کی عیادت کی

نوازشریف کی احسن اقبال کی جلد صحتیابی کیلئےدعا، احسن اقبال کوپرائیویٹ کمرے میں انفیکشن سے بچانے کیلئے منتقل کیا گیا۔ قائدن لیگ کوڈاکٹرزٹیم کی بریفنگ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 8 مئی 2018 16:51

نوازشریف کی سروسز ہسپتا ل آمد،احسن اقبال کی عیادت کی
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 مئی 2018ء) : مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے سروسز ہسپتال میں جاکروزیرداخلہ احسن اقبال کی عیادت کی، نوازشریف نے احسن قبال کی جلد صحتیابی کی خواہش کااظہار کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف وزیرداخلہ احسن اقبال کی عیادت کیلئے لاہور میں سروسز ہسپتال میں پہنچے۔ جہاں نوازشریف کو ڈاکٹرز کی ٹیم نے احسن اقبال کے علاج سے متعلق بریفنگ دی۔

ہسپتال انتظامیہ نے احسن اقبال کوپرائیویٹ کمرے میں منتقل کردیا ہے نجی کمرے کو ہی آئی سی یو کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ احسن اقبال کوپرائیویٹ کمرے میں انفیکشن سے بچانے کیلئے منتقل کیا گیا ہے۔ احسن اقبال کی  مسلم لیگ ن کے رہنماء عابد شیرعلی اور پیپلزپارٹی کے رہنماء اعتزاز احسن نے بھی ملاقات کرکے عیادت کی۔

(جاری ہے)

واضح رہے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال پرعوامی جلسے شکرگڑھ کی تحصیل کنجرورمیں ملزم عابد حسین نے فائرنگ کردی۔

تاہم وہاں موجود سکیورٹی اہلکارو ں نے ملزم کو پکڑ کرحراست میں لے لیا۔جبکہ احسن اقبال کوفوری ہسپتال منتقل کیا گیااور طبی امدادکے بعدلاہور سروسز ہسپتال میں منتقل کیا گیا۔جہاں پرڈاکٹرز کی ٹیم نے احسن اقبال کا مکمل معائنہ کرنے بعد آپریشن کیا۔احسن اقبال کامیاب آپریشن کے بعد ابھی سروسز ہسپتال میں ہی زیرعلاج ہیں۔ حکومتی عہدیدران کا کہنا ہے کہ وزیرداخلہ احسن اقبال اب خیریت سے ہیں۔

تاہم ان کا علاج ابھی چل رہا ہے۔ پولیس رپورٹ میں ملزم عابد سے متعلق یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم نے احسن اقبال پردیسی ساختہ پستول 30بورسے ایک فائر کیا ۔ گولی احسن اقبال کے دائیں بازور پرلگ کرناف کے نیچے پیٹ میں چلی گئی تھی۔ملزم نے 15گز کے فاصلے سے گولی چلائی۔ملزم عابدویرم گاؤں کا رہائشی ہے۔ملزم عابد کے 2بھائی ہیں والد کا نام محمد حسین ہے۔

ملزم عابد حسین پرچون کی دکان پرکام کرتا ہے۔ملزم کی تاریخ پیدائش 13مئی 1995ء ہے۔ ملزم عابد دبئی بھی جا چکا ہے۔ جبکہ ڈی سی ناروال کا کہنا ہے کہ ملزم پرپہلے بھی تھانے میں ایک مقدمہ درج ہوا ہے۔ پولیس کی ٹیم ملزم سے متعلق ابھی مزید تحقیقات کررہی ہے۔ ملزم عابد کوانسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزم کودس روزہ جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے کردیا ہے۔دوسری جانب حکومت کی جانب سے احسن اقبال پرحملے کی تحقیقات کیلئے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے طاہر کی سربراہی میں جے آئی ٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔جے آئی ٹی نے بھی کیس کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔