یونس خان نے اپنے 12 سالہ مداح سے کیا ہوا وعدہ پوراکردیا

ایک ویڈیو میں کیوی مداح فلیکس اینڈرسن کو کور ڈرائیو اور کٹ شاٹ کھیلنے کے طریقے بتائے

منگل 8 مئی 2018 17:04

یونس خان نے اپنے 12 سالہ مداح سے کیا ہوا وعدہ پوراکردیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔08مئی 2018ء) پاکستان کے کامیاب ترین ٹیسٹ بیٹسمین اور سابق کپتان یونس خان نے نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے اپنے 12 سالہ مداح فیلکس اینڈرسن سے کیا ہوا وعدہ پورا کر کے ایک بارپھر مداحوں کا دل جیت لیا ہے ۔12سالہ فیلکس نے 38 سالہ یونس خان کو لکھے گئے خط میں لکھا تھا کہ وہ ان کے بڑے ہیروز میں سے ایک ہیں اور 2009 ءمیں سری لنکا کے خلاف نیشنل سٹیڈیم ، کراچی میں یونس کی بنائی گئی ٹرپل سنچری ان کے لیے بہت یادگار تھی ،اس کی وجہ سے اس نے بھی کرکٹر بننے کا خواب دیکھنا شروع کیا۔

اپنے خط میں فیلکس نے یونس خان کی سلپ فیلڈنگ کی تعریف کرتے ہوئے درخواست کی کہ یونس خان انہیں بلے بازی کے گر سکھائیں اور کور ڈرائیو اور کٹ شاٹ مارنے کے لیے مشورہ بھی دیں۔

(جاری ہے)

یونس خان نے اپنی جوابی ٹویٹ میں فیلکس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے وعدہ بھی کیاتھا کہ انہیں یہ خط دو سال کے بعد ملا ہے لیکن وہ ان کی فرمائش پوری کریں گے۔ یونس خان نے اپنی ویڈیو میں بھی فیلکس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کور شاٹ اور کٹ شاٹ کھیلنے کے طریقے بتائے۔

یونس خان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ فیلکس اس ویڈیو سے استفادہ حاصل کرکے مستقبل میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی بھی کریں گے۔
یونس خان کی ویڈیو کے بعد ٹوئیٹر پر ان کے کئی شائقین نے انھیں سراہا۔نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک صارف ٹاز ستی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ انھوں نے دو سال قبل فیلکس کا یہ خط پاکستان کے سابق کھلاڑی یاسر عرفات کو دیا تھا اور انھیں بہت خوشی ہے کہ یہ خط یونس خان تک پہنچ گیا۔

متعلقہ عنوان :