موجودہ حکومت کے موثر اقدامات کی وجہ سے دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے، وزیر مملکت رانا محمد افضل خان

منگل مئی 18:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2018ء) وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت پوری طاقت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے موثر و کارآمد اقدامات کی وجہ سے ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیرداخلہ احسن اقبال پر ہونے والے حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک المناک واقعہ تھا جو قابل مذمت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ احسن اقبال اس ملک کے ایک پختہ اور عظیم سیاستدان ہیں۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی جماعت نے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اقتدار سنبھالتے ہی ملک سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے نہ صرف ٹھوس اقدامات اٹھائے بلکہ دہشت گردوں کی کمر توڑ کے رکھ دی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ختم نبوت ﷺ پر پختہ یقین رکھتی ہے۔