اراکین اسمبلی ملک و قوم کی ترقی کیلئے بہتر قانون سازی کر یں، محمد شہباز شریف

کی کارکردگی دیگر صوبوں کیلئے مشعل راہ ہے،سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں

منگل مئی 18:30

لاہور۔08مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2018ء) سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے کہا ہے کہ اراکین اسمبلی کو عوام اور ملک کی ترقی کے لیے بہتر قانون سازی کرنی چاہیے،،جمہوریت کی بحالی میں تمام مکاتب فکر نے اپنا اپنا کردار ادا کیا ہے، ملک کو درپیش مشکلات سے نکالنے کے لیے ہمیں اتفاق و اتحاد سے ملکی تعمیر میں حصہ لینا ہوگا،توانائی کا بحران، مہنگائی اور بے روز گاری ہمارے اجتماعی مسائل ہیں،ان کے مناسب اور بر وقت حل کے لیے بھی اجتماعی کوششیں ہونی چاہیے، حکومت نے بے مثال اور ان تھک محنت سے دہشت گردی پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکن صوبائی اسمبلی راحیلہ خادم حسین کی سربراہی میں پنجاب اسمبلی کے دورے پر آئے ہوئے 30رکنی ڈسٹرکٹ یوتھ کونسلرز کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ یوتھ کونسلرز اسمبلی نمائندوں کے ساتھ مل کر عوامی مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ حکومت نے صحت اور تعلیم کے شعبہ جات کو عوام کی امنگوں کے مطابق ماضی سے بہتر بنایا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے دانش سکول سسٹم دے کر تعلیم کے میدان میں امیر اور غریب کے فرق کو ختم کر دیا ہے، رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے اپنے موجودہ دور میں 177قوانین پاس کر کے پنجاب اسمبلی کی تاریخ میں ریکارڈ قائم کیا ہے، انہوں نے کہا کہ محمد شہباز شریف کی کارکردگی دیگر صوبوں کے لیے مشعل راہ ہے۔