اوکاڑہ:صوبائی سیکریٹری کو آپریٹوکا ڈی سی کے ہمراہ گندم خریداری مراکز کا دورہ

منگل 8 مئی 2018 18:41

اوکاڑہ۔08مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) صوبائی سیکریٹری کو آپریٹو شہر یار سلطان نے ضلع اوکاڑہ کا دورہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد کے ہمراہ گندم خریداری مراکز اختر آبار ،رینالہ خورد اور شیر گڑھ میں گندم کی خریداری کے عمل کا معائنہ کیا ، انہوں نے گندم خریداری سنٹروں پر گندم کی بوریوں کا وزن ،گندم کی کوالٹی ،گندم کا موائسچر بھی چیک کیا، شہریار سلطان نے گندم خریداری مراکز پر بار دانہ کے اجراء کیلئے لگائی جانے والی فہرستیں اور سنٹر ریکارڈ کا بھی معائنہ کیا اور عملہ کو ہدایت کی کہ وہ کاشتکاروں کی سہولت کو مقدم رکھیں، کسانوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کے بیٹھنے کیلئے معقول انتظامات اور ٹھنڈے پانی کی لگاتار فراہمی کو ہر جگہ یقینی بنایا جائے ، انہو ں نے کہا کہ پنجاب حکومت حکومتی پالیسی کے مطابق کاشتکاروں سے 1300روپے فی 40کلو گرام گندم خرید کر رہی ہے ، صوبائی سیکرٹری کوآپریٹو شہر یار سلطان نے مراکز خریداری سنٹروں پر باردانہ کے حصول اور گندم لیکر آنے والے کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں کو میرٹ پر شفاف انداز میں باردانہ کی فراہمی کے عمل کو یقینی بنایا گیا ہے اور اس کی شفافیت کیلئے ضلع ، ڈویژن اور صوبہ کی سطح پر اس کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، کسان بھائیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے ، اس موقع پر ڈی سی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں 15 لاکھ 6 ہزار 2 سو بوری گندم کا ہدف ہے جس کیلئے حکومتی پالیسی کے مطابق مرحلہ وار باردانہ کا اجراء شروع ہے، ضلع میں اب تک 5لاکھ 47ہزار 931بوری باردانہ تقسیم کی جا چکی ہے اور تمام خریداری مراکز پر کاشتکار گند م لیکر آ رہے ہیں اور ان سے خریداری کی جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :