Live Updates

کراچی میں ہنگامہ آرائی، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کیخلاف سخت ایکشن لے لیا گیا

دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کیخلاف ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج ، مقدمے میں دونوں جماعتوں کے7سو سے زائد کارکنان کونامزد،فائرنگ کرنے والا اہلکارعلی زیدی کا محافظ نکلا۔میڈیا رپورٹس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 8 مئی 2018 17:54

کراچی میں ہنگامہ آرائی، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کیخلاف سخت ایکشن ..
کراچی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 مئی 2018ء) : گلشن اقبال پولیس نےپیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف حکیم سعید گراؤنڈ میں ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج کرلیا ہے، ہوائی فائرنگ کرنے والے اہلکار پی ٹی آئی رہنماء علی زیدی کے محافظ نکلے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں کے درمیان گزشتہ رات کراچی میں 12مئی کو گراؤنڈ میں جلسہ کے مقام پرتصادم ہوا تھا۔

تصادم کے دوران موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بھی جلادی گئی تھیں۔ تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں کے درمیان پتھراؤ، اور ایک دوسرے پر ڈنڈوں کا بھی استعمال کیا گیا تھا۔ تصادم سے دونوں جماعتوں کے متعدد کارکن زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں عزیز بھٹی تھانے میں درج کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

مقدمے میں دونوں کے جماعتوں کے سات سو سے زائد کارکنان کونامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق تصادم کے وقت پی ٹی آئی کے کیمپ میں عارف علوی،فردوس نقوی اور علی زیدی موجود تھے۔ پیپلز پارٹی کے کیمپ میں نجمی عالم اور وقار مہدی تھے۔دونوں جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنان کے درمیان تصادم رات 11بجکر 50 منٹ پر شروع ہوا۔ تصادم کے دوران 2 گاڑیوں اور ایک موٹرسائیکل کو نذر آتش کیا گیا۔ جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے جن میں ایس ایچ او اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

پولیس نےمقدمے میں کے مطابق اس موقع پرفائرنگ بھی کی گئی۔ فائرنگ کرنے والے عناصر فرار ہوگئے۔ دوسری جانب بتایا جارہا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں سامنے آیا ہے کہ جس پولیس اہلکار نے فائرنگ کی وہ پی ٹی آئی رہنماء علی زیدی کا محافظ ہے۔ واقعے پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی ہمارا شہر ہے کہیں بھی جلسہ کرسکتے ہیں۔ پی ٹی آئی نے غلط رویے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے کہا کہ کراچی کے امن کی خاطر پیپلزپارٹی جلسے کا مقام تبدیل کرلے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ کراچی ہمارا شہر ہے کہیں بھی جلسہ کرسکتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات