مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مرتکب ہو رہی ہے‘نہتے کشمیریوں کی پیلٹ گن کے ذریعے آنکھوں کی بینائی سے محروم کیا جارہا ہے ‘طاقت کا اندھا دھند استعمال بھی وادی میں جاری ہے ‘ مقبوضہ کشمیر میںقابض بھارتی افواج کا نشانہ کشمیری نوجوان ہیں ،مقبوضہ وادی میں کشمیری مائوں ، بہنوں اور بیٹیوں کی عصمت دری کی جاتی ہے

ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل راجہ سجاد لطیف کی پشاور یونیورسٹی کے وفد کو مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے بریفنگ

منگل 8 مئی 2018 18:55

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2018ء) ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل راجہ سجاد لطیف نے پشاور یونیورسٹی کے وفد کو مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے بریفنگ دی ۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مرتکب ہو رہی ہے ، آئے روز نہتے کشمیریوں کی پیلٹ گن کے ذریعے آنکھوں کی بینائی سے محروم کیا جارہا ہے جبکہ طاقت کا اندھا دھند استعمال بھی وادی میں جاری ہے ۔

مقبوضہ کشمیر میںقابض بھارتی افواج کا نشانہ کشمیری نوجوان ہیں ،مقبوضہ وادی میں کشمیری مائوں ، بہنوں اور بیٹیوں کی عصمت دری کی جاتی ہے۔ آئے روز کشمیریوں کو شہید کیاجارہا ہے ۔ گزشتہ دنوں شوپیاں میں 20سے زائد کشمیری نوجوانوں کو بے دردی سے شہید کر دیا گیاجبکہ گزشتہ دو دنوں میں قابض بھارتی افواج نے پروفیسر سمیت13کشمیری شہید کر دیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنا چاہتا ہے ، کشمیری اپنے بنیادی حق حق خودارادیت کے حصول کیلئے بھارت کے ظلم و جبر کا نشانہ بن رہے ہیں ، عالمی برادری کو کشمیریوں کے اقوام متحدہ میں تسلیم شدہ حق حق خودارادیت دلانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھانا چاہیے ۔ اس موقع پر وفد کی سربراہ ڈاکٹر منہاس خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں حالات تیزی سے بدل رہے ہیں ،جس طرح دنیا کے مختلف ممالک میں تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں اسی طرح ہم امید کرتے ہیں مسئلہ کشمیر بھی جلد اقوام متحدہ کی قراردادوںکے مطابق حل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70سال سے کشمیریوں کے ساتھ ناانصافیاں ہورہی ہیں یہ مسئلہ اب حل ہو جانا چاہیے تاکہ کشمیری آئندہ زندگی سکون سے گزار سکیں ۔اس موقع پر وفد میں شریک طلبانے مختلف سوالات کیے جن کے جواب میں ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔

انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا فیصلہ کرنے کا اختیار کشمیریوں کو ملنا چاہیے ، دنیا اب گلوبل ویلج بن چکی ہے ،کشمیریوں کا مسئلہ سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا تک پہنچایا جائے۔ انٹرنیشنل کمیونٹی اور برطانیہ کشمیریوں سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرتی ہے اور ان پر عمل درآمد کی خواہاں ہے ۔ کشمیری تارکین وطن مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو مسئلہ کشمیر کی اصل صورتحال سے دنیا کو آگاہ کرنے کیلئے موثر کردار ادا کرنا چاہیے ۔آخر میں ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل راجہ سجاد لطیف نے وفد کی سربراہ ڈاکٹر منہاس خان کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔