الیکشن میں تاخیرکیلئے ملک میں دانستہ حالات خراب کئے جا رہے ہیں ، آفتاب احمدشیرپائو

تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن وقت پر کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، پاکستان میں نظریات کی سیاست ختم ہوتی جا رہی ہے ، میڈیا میں کوڈ آف کنڈکٹ وضع کرنا وقت کی ضرورت ہے سربراہ قومی وطن پارٹی کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 8 مئی 2018 19:05

الیکشن میں تاخیرکیلئے ملک میں دانستہ حالات خراب کئے جا رہے ہیں ، آفتاب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2018ء) قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا کہ ملک میں دانستہ حالات خراب کئے جا رہے ہیں تا کہ الیکشن تاخیر کا شکار ہوں، تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن وقت پر کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، پاکستان میں نظریات کی سیاست ختم ہوتی جا رہی ہے جو افسوسناک ہے، میڈیا میں کوڈ آف کنڈکٹ وضع کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

وہ منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نظریات کی سیاست ختم ہوتی جا رہی ہے، گزشتہ سینیٹ انتخابات اس کی واضح مثال ہیں، ہارس ٹریڈنگ اور سیاسی وفاداریاں بدلنا الیکشن کے نزدیک بڑھ جاتا ہے، جماعتیں اگر اشرافیہ کی بجائے عام کارکنوں کو اسمبلیوں کے ٹکٹ دیں تو نظریاتی سیاست مضبوط ہو سکتی ہے، تمام جماعتوں کو انتخابات اپنے وقت پر کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہ گا، ملک میں دانستہ طور پر حالات خراب کئے جا رہے ہیں تا کہ الیکشن تاخیر کا شکار ہو جائیں، میڈیا کے کوڈ آف کنڈکٹ وضع کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تا کہ میڈیا معاشرے میں مثبت کردار ادا کرے، ملک کے اندر بے یقینی کی صورتحال کا فائدہ غیر جمہوری قوتوں کو ہو گا۔