بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے سے انکار کردیا

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 4ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں سے ایک میچ ڈے اینڈ نائٹ ہونا تھا تاہم مہمان بھارت نے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے سے انکار کردیا،کرکٹ آسٹریلیا کا بیان

منگل 8 مئی 2018 19:34

بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے سے انکار کردیا
ْمیلبورن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2018ء) بھارت نے آسٹریلیا میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔کرکٹ آسٹریلیا کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 4 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں سے ایک میچ ڈے اینڈ نائٹ ہونا تھا تاہم مہمان بھارت نے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے سے انکار کردیا۔کرکٹ آسٹریلیا نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو ایڈیلیڈ اوول میں 26 دسمبر کو پہلے سے شیڈول ڈے اینڈ نائٹ میچ کے لیے راضی کرنے کے لیے بھرپور لابنگ کی تاہم بھارتی بورڈ نے گلابی بال کے بجائے لال بال سے ہی کھیلنے پر اتفاق کیا ہے۔

یاد رہے کہ ڈے اینڈ نائٹ میچ گلابی بال سے کھیلا جاتا ہے اور آسٹریلیا نے اب تک 4 ڈے اینڈ نائٹ میچز کھیلے اور چاروں میں کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت کے راضی نا ہونے پر ایڈیلیڈ ٹیسٹ میچ دن میں ہی کھیلا جائے گا جب کہ جنوری میں سری لنکا کے خلاف برسبین میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ ہوگا۔بھارتی کرکٹ ٹیم 21 نومبر سے 19 جنوری تک آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جس کے دوران 4 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔واضح رہے کہ بھارت نے 2016 میں دلیپ ٹرافی ڈومسٹک چیمپئن شپ میں گلابی بال کا تجربہ کیا جس کے بعد انتظامیہ اور نامور کھلاڑیوں نے کرکٹ بورڈ کو گلابی گیند سے انٹرنیشنل کرکٹ نہ کھیلنے کا مشورہ دیا۔