ڈیوڈوارنر پی ایس ایل فور کا حصہ بنیں گے

فرنچائزز کا جنوبی افریقی پیسر مورنے مورکل کے علاوہ ڈیوڈملرکو شامل کرنے کا عندیہ

منگل 8 مئی 2018 19:34

ڈیوڈوارنر پی ایس ایل فور کا حصہ بنیں گے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2018ء) بال ٹمپرنگ اسکینڈل میں ایک سالہ پابندی کی سزا بھگتنے والے آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر آئندہ سال پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں ایکشن میں دکھائی دیں گے جبکہ قومی امکان ہے کہ پی ایس ایل تھری میں لاہور میں کھیلنے سے انکار کرنے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے آسٹریلین آل رائونڈر شین واٹسن آئندہ پاکستان سپر لیگ میں ایکشن میں دکھائی نہ دیں۔

گزشتہ ہفتے لاہورمیں پی ایس ایل فرنچائزڈکے نمائندوں نے ڈرافٹنگ سمیت مختلف امورپر بات چیت کی تو ڈیوڈوارنرکو بھی ڈرافٹ میں شامل کرنے کا عندیہ دیاگیا۔پی ایس ایل فورکی ڈرافٹنگ میں ڈیوڈوارنر کے علاوہ حال ہی ریٹائرڈہونے والے جنوبی افریقی پیسر مورنے مورکل کے علاوہ ڈیوڈملرکو شامل کرنے کا اشارہ دیا جارہاہے۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل فورکا حصہ بننے کے لئے ممکنہ طورپر ڈیوڈوارنر سے بھی رابطہ کیا گیاہے لیکن آسٹریلوی جارح مزاج اوپنر کی جانب سے فی الحال پی ایس ایل میں شرکت سے متعلق کوئی موقف سامنے نہیں آیاہے تاہم قومی امکان ہے کہ وہ بخوشی پی ایس ایل کا حصہ بننا چاہیں گے تاہم پاکستان میں کھیلنے کی شرط واحد ایسی چیز ہے جو ان کے قدم ڈگمگانے پرمجبورکرے۔

اطلاعات کے مطابق پی ایس ایل فرنچائزڈ کے نمائندوں کی لاہور کی میٹنگ میں شین واٹسن پر سب سے زیادہ تحفظات سامنے آئے اور یہ تجویز دی گئی کہ ایسے کھلاڑیوں پر پابندی لگا دی جائے جو وعدہ کرنے کے باوجود پاکستان نہیں آئے۔ پاکستان سے ٹورنامنٹ شروع کرنے کی بڑی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ جو کھلاڑی پاکستان آنے کا وعدہ کرے گا اسے افتتاحی میچوں اور افتتاحی تقریب کے لئے شروع ہی سے پاکستان آنا پڑے گا۔

اگر کوئی کھلاڑی انکار کرتا ہے تو اس سے معاہدہ نہیں کیا جائے گا۔سابق کپتان راشد لطیف نے کراچی کنگز کے نمائندے کی حیثیت سے تجویز دی ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی وعدے کے باوجود پاکستان نہیں آتا ہے تواس کا معاوضہ فرنچائز نہیں پاکستان کرکٹ بورڈ ادا کرے گا۔ کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کے دوران رینڈم پک کی تجویز رد کردی گئی اور آخری نمبر پر آنے والی لاہور قلندر کی ٹیم ڈرافٹنگ میں پہلا کھلاڑی منتخب کرے گی۔