Live Updates

خان صاحب دن رات جھوٹ بولتے ہیں،قوم اب ان کے دھوکے میں نہیں آئے گی‘شہبازشریف

ترقی کے سفر میں روڑے اٹکائے،اگر خان صاحب کو ان کاموں سے فرصت ملتی تو وہ دکھی انسانیت کی خدمت پر توجہ دیتے ہم پنجاب کے ضلعی ہسپتالوں میں صحت عامہ کے حوالے سے جو نظام لائے ہیں ،کے پی کے میں اس کا عشرے عشیربھی نہیں سندھ میں طبی سہولتوں کی فراہمی تو دور کی بات، زرداری صاحب نے سندھ کا بیڑہ غرق کردیا اورکراچی کو کرچی کرچی کردیا ہے دیگرصوبوں کے زعما اورلیڈرباتیں بہت کرتے ہیں لیکن عملی طورپرکچھ نہیں کیا ۔قوم قول و فعل کے اس تضاد کو کبھی برداشت نہیں کریگی کے پی کے میں عوام نے انہیں خدمت کا موقع دیا لیکن عمران نیازی نے صرف دھرنے دیئے،ہڑتالیں کیں،سول نافرمانی کی دھمکیاں دیں الیکشن کی آمد آمد ہے اب قوم کو فیصلہ کرنا ہے کہ کس نے اسکی خدمت کی اورکس نے دھرنے دیئے‘وزیراعلیٰ کی میڈیا سے گفتگو

منگل 8 مئی 2018 19:44

خان صاحب دن رات جھوٹ بولتے ہیں،قوم اب ان کے دھوکے میں نہیں آئے گی‘شہبازشریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چکوال میں ایمرجنسی بلاک ، سی ٹی سکین مشین اور پتھالوجی لیب کا افتتاح کیا۔پتھالوجی لیب کا افتتاح کرنے کے بعد وزیراعلیٰ نے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں پر موجود عملے سے بات چیت کی۔وزیر اعلیٰ نے سی ٹی سکین مشین کے شعبے کا تفصیلی دورہ کیا ۔

وزیراعلیٰ نے ضلعی ہسپتال چکوال کے آپریشن تھیٹر اور او پی ڈی بلاک کا بھی دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے مریضوں کی عیادت کی اور احوال دریافت کیا، مریضوں نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے دن رات عوام کی خدمت کرکے دل جیت لئے ہیں اور یہی حقیقی لیڈرشپ کا تقاضا ہے۔وزیراعلیٰ نے پنجاب بھرکے ہسپتالوںکے آؤٹ ڈور میں پتھالوجی لیبز میں ٹیسٹوں کی فیس فی الفور ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں آؤٹ ڈور پتھالوجی لیبز میں تمام ٹیسٹ مفت ہوں گے اوراس ضمن میں ہر طرح کے وسائل فراہم کیے جائیںگے۔

(جاری ہے)

میں پتھالوجی لیب کا شاندار نظام متعارف کرنے پر عوام کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اورپتھالوجی لیب کے سٹاف اورعملے کو سلیوٹ کرتا ہوں جنہوںنے اتنا شاندار نظام متعارف کرایا ہے ۔چکوال میں شاندار پتھالوجی لیب بنائی گئی ہے اورایسی لیب پاکستان میں کم ہی نظر آئیگی اور ان لیبز کی مانیٹرنگ کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا نظام موجود ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پتھالوجی لیب میں مریضوں کے ٹیسٹ کے اخراجات حکومت پنجاب ادا کریگی۔ پتھالوجی لیب میں آئی ڈی سی کے زیرانتظام 43 اقسام کے مختلف طبی ٹیسٹوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ضلعی ہسپتال کی سٹیٹ آف دی آرٹ پتھالوجی لیب میں روزانہ 1200 سے زائد مریضوں کو طبی ٹیسٹ کی سہولت فراہم کرنے کی گنجائش ہے۔آئی ڈی سی کے زیر اہتمام پتھالوجی لیب میں مریضوں کے طبی ٹیسٹ معیاری اور مستند ہوں گے۔

چکوال کے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال میں 24 گھنٹے سی ٹی سکین ٹیسٹ کی سہولت میسر ہوگی۔ اب چکوال ہسپتال میں سی ٹی سکین مشین خراب نہیں ہوگی اور نہ ہی ڈاکٹر اور عملے کے نہ ہونے کا عذر ہوگا۔ ہم نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کا کلچر اور ماحول تبدیل کرنے کا وعدہ پورا کر دکھایا ہے۔ پنجاب کے محکمہ صحت نے اختراعی اقدامات کے دیرپا اور دو رس اقدامات سے عوام مستفید ہوں گے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر چکوال میں صحت عامہ کے مختلف منصوبوں کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے صحت کے شعبہ میں انقلاب برپا کردیا ہے اورضلعی ہسپتالوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری سے سی ٹی سکین کا شاندار نظام متعارف کرایا ہے۔مریضوں کو دن ہویا رات ،گرمی ہویا سردی 24گھنٹے سی ٹی سکین کی سہولت مفت حاصل ہوگی۔

کرپشن ،لاپرواہی اوربدیانتی کی وجہ سے مریض دم توڑ جائیںاب ایسا نہیں ہوگایہ کہانی دفن ہوچکی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ضلعی ہسپتال چکوا ل میں سٹیٹ آف دی آرٹ پتھالوجی لیب بھی بنائی گئی ہے جہاںہر مہینے ہزاروں ٹیسٹ کیے جارہے ہیں ۔اس لیب کا اگر دنیا کی کسی بھی نامورلیب سے موازنہ کیا جائے تو اگر یہ اس سے بڑھ کر نہیں تو اس سے کم بھی نہیں ہے ۔

پتھالوجی لیبز اورسی ٹی سکین کا کنٹرول سنٹر لاہور میں ہے،انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے لاہور میں موجود ریڈیالوجسٹ رپورٹ لکھ کرمتعلقہ اضلا ع میں بھجوادیتے ہیں۔یہ وہ شاندار نظام ہے جو پنجاب حکومت نے متعارف کرایا ہے جس کی ملک کی تاریخ میں نظیرنہیں ملتی۔انہوںنے کہا کہ ہسپتالوں کے ویسٹ کو تلف کرنے کا بھی موثر نظام بنایا ہے۔13اضلاع میں انسی نیریٹرز لگ چکے ہیں جبکہ مزید 13اضلاع میں لگائے جارہے ہیں۔

فرانس سے منگوائے گئے 13انسی نیریٹرز نصب کردیئے گئے ہیں جبکہ برطانیہ سے 13انسی نیریٹرز منگوائے جارہے ہیں ۔اس طرح اربوں روپے کی سرمایہ کاری سے ہسپتالوں کے ویسٹ کو تلف کرنے کا موثر نظام بنایاگیاہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ امیر اورغریب کی تفریق کیے بغیرتمام شہریوں کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اورپنجاب حکومت یہ ذمہ داری بطریق احسن نبھارہی ہے۔

دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کے ساتھ عام شہریوں کوبہترین طبی سہولتیں فراہم کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امیر کو تو بیرون ممالک سے مہنگے علاج کی سہولت میسر ہو جبکہ چکوال ،بھکر،میانوالی اورلیہ اورپاکستان کا عام آدمی صحت کی بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہو،اسے قائدؒ اوراقبالؒ کا پاکستان نہیں کہا جاسکتا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ خان صاحب دن رات جھوٹ بول کر قوم کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں لیکن قوم اب ان کے دھوکے میں نہیں آئے گی۔

کے پی کے میں عوام نے انہیں خدمت کا موقع دیا لیکن عمران نیازی نے صرف دھرنے دیئے،ہڑتالیں کیں،سول نافرمانی کی دھمکیاں دیںاورترقی کے سفر میں روڑے اٹکائے،اگر خان صاحب کو ان کاموں سے فرصت ملتی تو وہ دکھی انسانیت کی خدمت پر توجہ دیتے اورکے پی کے میں کوئی نیاہسپتال بناتے اورطبی سہولتوں میں بہتری لاتے۔ہم پنجاب کے ضلعی ہسپتالوں میں صحت عامہ کے حوالے سے جو نظام لائے ہیں ،کے پی کے میں اس کا عشرے عشیربھی نہیں،کے پی کے کے غیورعوام اگرعلاج کیلئے پنجاب کے ہسپتالوں میں آتے ہیں تو ہمیں خوشی ہے کیونکہ وہ ہمارے پاکستانی بھائی ہیں ۔

کے پی کے سمیت آزاد کشمیر،گلگت بلتستان،بلوچستان اورپاکستان کے دیگر علاقوں سے لوگ علاج معالجے کیلئے پنجاب کارخ کرتے ہیں جس پر ہمیں خوشی ہے۔ دوسری جانب زرداری صاحب ہیں جنہوںنے سندھ میں طبی سہولتوں کی فراہمی تو دور کی بات ہے انہوںنے تو سندھ کا بیڑہ غرق کردیا اورکراچی کو کرچی کرچی کردیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت نے صحت عامہ کے حوالے سے بے مثال اقدامات کیے ہیں اورہم طبی سہولتوں کے اس شاندار نظام کو پنجاب کے ہر اضلاع میں لارہے ہیں اوربہت جلد پورے پنجاب میں سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔

انہوںنے کہاکہ ہم صحت عامہ کے حوالے سے ملایشیاء اورترکی کا مقابلہ کرنے کی پوزیشن پرجلد آجائیںگے،لمبا سفر ہے لیکن ہمیں ملکر اسے طے کرنا ہے ۔محنت اورخون پسینہ بہا کر منزل حاصل کرنا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ دیگرصوبوں کے زعما اورلیڈرباتیں بہت کرتے ہیں لیکن عملی طورپرکچھ نہیں کیا ۔قوم قول و فعل کے اس تضاد کو کبھی برداشت نہیں کرے گی۔انہوںنے کہا کہ الیکشن کی آمد آمد ہے اب قوم کو فیصلہ کرنا ہے کہ کس نے اس کی خدمت کی اورکس نے دھرنے دیئے،کس نے دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھا اورکس نے دکھی انسانیت کے دکھوں میں اضافہ کیا ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان کو اس وقت ہم آہنگی اوریکجہتی کی ضرورت ہے اورہمیں ملکر ملک و قوم کو بنانا ہے اوروہ وقت دور نہیں جب پاکستان دنیا کی عظیم مملکت بنے گااوربین الاقوامی برادری میں باوقار مقام حاصل کرے گا۔یہ منزل محنت ،محنت اورصرف محنت سے حاصل کی جاسکتی ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات