زندگی ملک اور عوام کیلئے وقف ہے ، جب تک جان میں جان ہے خدمت کرتا رہونگا‘شہبازشریف

عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے، صحت، تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں کے پی کے اور سندھ میں عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا، ایم این اے غلام بی بی بھروانہ سے گفتگو

منگل 8 مئی 2018 19:44

زندگی ملک اور عوام کیلئے وقف ہے ، جب تک جان میں جان ہے خدمت کرتا رہونگا‘شہبازشریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ میری زندگی اپنے ملک اور صوبے کے عوام کیلئے وقف ہے اور جب تک جان میں جان ہے، عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔ عوام کے مسائل میرے مسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے، صحت، تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں اور آج صوبہ پنجاب ترقی کے سفر میں آگے کی جانب بڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین اپنے صوبوں میں کچھ نہیں کرسکے۔ کے پی کے اور سندھ کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا گیا اور یہی وجہ ہے کہ ان صوبوں کے عوام اپنے حکمرانوں سے متنفر ہو چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی عوام کے دلوں کی دھڑکن ہے اور اللہ تعالیٰ نے خدمت کا موقع دیا توکے پی کے اور سندھ میں بھی عوام کے مسائل حل کریں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج یہاں ان سے ملاقات کی۔