پاکستان فلم انڈسٹری کے فروغ کے لئے سعودیہ عرب میں معاہدہ طے پاگیا

منگل 8 مئی 2018 20:06

پاکستان فلم انڈسٹری کے فروغ کے لئے سعودیہ عرب میں معاہدہ طے پاگیا
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) پاکستان فلم انڈسٹری کو 2016 میں فلم ’’جانان‘‘ اور 2018 میں فلم’’ پرچی‘‘ کی ٹیم عمران رضا کاظمی، حریم فاروق اور عارف لاکھانی نے آئی ایچ اے انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے سعودیہ عرب کی ٹاپ ایونٹس کمپنی کے ساتھ پاکستانی سینما، فلم اور ٹی وی ڈرامہ کی تشہیر اور پروڈکشن کے لئے معاہدہ کیا ہے۔

منگل کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق دو کمپنیوں کے اشتراک سے پاکستانی فلم، ٹی وی ڈرامہ کی پروڈکشن اور ڈسٹری بیوشن سعودیہ عرب میں کی جائے گی۔ جس میں پاکستانی ٹیلنٹ کو بھی بین الاقوامی سطح پر متعارف کروایا جائے گا۔ معاہدہ پرنس عبدالعزیز (ٹاپ ایونٹس کمپنی) اور آئی آر کے فلمز کے عمران رضا کاظمی کے مابین ہوا ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایچ اے کمپنی آئی آر کے فلمز کی پیر نٹ کمپنی ہے۔

معاہدے کے حوالے سے پرنس عبدالعزیز کا کہنا تھاکہ ہم پاکستانی ڈرامہ ، فلم اور پاکستانی ٹیلنٹ کو سعودیہ میں پرموٹ کریں گے یہ معاہدہ دو ملکوں کے مابین ہوا ہے۔عمران رضا کاظمی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی فلم انڈسٹری ، ڈرامہ انڈسٹری اور پاکستانی ٹیلنٹ کو پرموٹ کرنے کے لئے سعودیہ عرب سے معا ہدہ کر رہے ہیں۔ آئی ایچ اے کے پلیٹ فارم سے سعودیہ عرب میں میوزک کسنرٹ، اسٹیج شوز، کامیڈی نائٹ شو و دیگر پروگرام ترتیب دیں گے جس سے ہماری انڈسٹری کو فائدہ ہوگا۔

ادکارہ حریم فاروق کا کہنا تھا کہ ہمارے ادارے کے لئے فخر کی بات ہے کہ میری فلم پرچی کی پہلی بار سعودیہ عرب میں نمائش کی گئی اپنے ادارے کے تحت ہم مزید پروگرام مشترکہ طور پر پیش کریں گے جس سے پاکستانی فلم انڈسٹری کو فروغ حاصل ہوگا۔ جبکہ دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی کمییونٹی کو بھی پاکستانی فلمیں اور ڈرامے دیکھنے کو ملیں گی۔ عارف لاکھانی کا کہنا تھا کہ دو ملکوں کے مابین معاہدہ پاکستان کے لئے سود مند ثابت ہونے کے ساتھ دونوں ممالک کے مابین ثقافتی تعلقات کو بھی بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ مذکورہ معاہدہ یکم مئی کو ریاض میں طے پایا ہے۔

متعلقہ عنوان :