خون کے خلیے علیحدہ کرنے والی مشین آپریشنل وبیماریوں میں مبتلا مریضوں کوسہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

منگل 8 مئی 2018 20:22

سرگودھا۔08مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء)کمشنر سرگودہا ندیم محبوب نے ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال میں کروڑوں روپے سے خریدی گئی خون کے خلیے علیحدہ کرنے والی مشین کو آپریشنل کرنے اور خون کی بیماریوںمیں مبتلا مریضوں کو مقامی سطح پر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ مریضوں کو صوبے کے دیگر ہسپتالوں کو ریفر کرنے کے رحجان کی حوصلہ شکنی کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے، وہ گذشتہ روز اپنے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے ، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرگودہا لیاقت علی چٹھہ و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی، کمشنر سرگودہا ڈویژن نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال میں سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے خدمات کی ٹینڈرنگ کی جارہی ہے، جس پر پانچ کروڑ ساٹھ لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے اور یہ ٹھیکے کمیٹیوں کے ذریعے شفاف طور پر نیلام کئے جائیں گے، انہوںنے کم سے کم بولی دینے والی کمپنیوں کو ٹھیکے دینے کی ضرورت پر زور دیا ، اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال میں ایم آر آئی مشین کی خدمات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کیلئے ان ڈور اور آئوٹ ڈورمریضوں کو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، کمشنر نے ہدایت کی کہ ایمر جنسی پر مستحق و نادار مریضوںکو ایم آر آئی کی مفت سہولت فراہم کی جائے ، اجلاس کو بتایا گیا کہ آئوٹ ڈور کیلئے تین ہزار روپے جبکہ ان ڈور کیلئے دو ہزار روپے ایم آر آئی کی فیس مقرر کی گئی ہے جو دوسرے تمام سرکاری ہسپتالوں سے کم ہے، اجلا س میں کمیٹی نے دس فیصد مستحق اور نادار مریضوں کو ایم آر آئی فراہم کرنے کی منظوری دی۔