بھارت میں 23 سال سے قید پاکستانی شہری سید ساجد علی بخاری رہا

بھارت کی بارڈر سکیورٹی فورس نے شہری کو پاکستان رینجرز پنجاب کے حوالے کیا

منگل 8 مئی 2018 20:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) بھارت نے 23 سال سے قید پاکستانی شہری سید ساجد علی بخاری کو رہا کردیا، بھارت کی بارڈر سکیورٹی فورس نے شہری کو پاکستان رینجرز پنجاب کے حوالے کیا۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق سید ساجد علی بخاری کا تعلق کوٹلی آزاد کشمیر سے ہے جو غلطی سے سرحد پار کرکے مقبوضہ کشمیر پہنچ گیا تھا جہاں بھارتی سکیورٹی فورسز نے اسے 8 ستمبر 1995ء میں گرفتارکیا تھا، سید ساجد علی بخاری کو کئی برس تک سری نگر جیل میں رکھا گیا اور اس کیخلاف مقبوضہ کشمیر کے تھانہ پریم پورہ میں 302، 307اور آر پی سی کی دفعہ 3اور25کے تحت مقدمات درج کئے گئے تھے۔

سید ساجد علی بخاری کم و بیش 23 سال بعد پاکستان واپس پہنچ گیا ہے ۔ پاکستانی ہائی کمیشن نیودہلی نے سید علی بخاری کی رہائی میں اہم کردارادا کیا ہے۔ساجد علی کو بھارت کی بارڈر سکیورٹی فورس نے پاکستان رینجرز پنجاب کے حوالے کیا۔