ہائیکورٹ نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سینڈیکیٹ کو کام سے روکنے کیلئے دائر درخواست مسترد کر دی

منگل 8 مئی 2018 20:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سینڈیکیٹ کو کام سے روکنے کیلئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار اعجاز بھٹی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ یونیورسٹی کے مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی تک سینڈیکیٹ کام کرنے کا مجاز نہیں، قائم مقائم وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اقبال اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے سینڈیکیٹ کے اجلاسوں کی صدارت کرتے ہیں لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ سینڈیکیٹ کو کام سے روکنے کا حکم دیا جائے ۔

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وکیل ملک اویس خالد نے عدالت کو بتایا کہ یونیورسٹی ایکٹ کے سیکشن 14 کے تحت سینڈیکیٹ خود مختار اتھارٹی ہے جسے کام سے نہیں روکا جا سکتا۔ فاضل عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔