سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق اور سینیٹر میاں رضا ربانی کا سپریم کورٹ کی طرف سے سینیٹر اسحاق ڈار کی رکنیت معطل کرنے پر تحفظات کا اظہار

منگل 8 مئی 2018 20:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق اور سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے سپریم کورٹ کی طرف سے سینیٹر اسحاق ڈار کی رکنیت معطل کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا کہ اسحاق ڈار شدید علیل ہیں اور وہ علالت کی وجہ سے عدالت میں بھی پیش نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالت نے ان کی رکنیت معطل کر دی ہے تاہم ہمیں تفصیلی فیصلے کا انتظار کرنا ہوگا۔ سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ عدالت کے پاس کسی رکن پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ رکنیت صرف اس صورت میں معطل کی جا سکتی ہے کہ جب کوئی رکن اپنے اثاثوں کے گوشوارے جمع نہ کروائے۔ انہوں نے چیئرمین سے درخواست کی کہ تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد اس معاملے کا جائزہ لیا جائے۔